نجی فلاحی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں:عنایت اللہ
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخواکے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے نجی فلاحی اداروں کے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی ترقی اور فلاح کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ اپنی موثر اور مربوط کاوشوں کو بلاتفریق جاری رکھیں تاکہ صوبے میں بہتر طور پر فلاحی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے اور عوام بر وقت ترقیاتی سکیموں سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں فلاحی تنظیم دخوائندو کور سے متعلق ایک اجلا س کی صدارت کر تے ہوئے کیاجس میں تنظیم کی چیف ایگزیکٹو بی بی مریم سمیت دیگر عہدیداران خالد عثما ن ، مقصود مظہر ، سید اللہ کے علاوہ تحصیل براول دیر بالا کے ناظم حیات الحق،جنرل کونسلر محمد اسماعیل اوردیگر بلدیاتی نمائندے بھی مو جو د تھے۔ اجلا س میں مذکورہ تنظیم کی چیف ایگزیکٹیونے پی کے- 91 کی دس ویلج کونسلوں میں شروع کی جانے والی صحت ، تعلیم، آبنوشی،مواصلات و تعمیرات او رآبپاشی وغیرہ کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ عوامی مسائل کا انہیں بخوبی احساس ہے اور مخلوط صوبائی حکومت اس سلسلے میں پوری دلجمعی کے ساتھ انہیں حل کرنے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ پی کے - 91 میں دس بلین روپے کے جاری ترقیاتی منصوبے اس امر کا بین ثبوت ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے مسائل کافی حد تک حل ہونے میں مدد ملے گی اور غریب لوگوں کے حالاتِ زندگی میں مثبت تبدیلی بھی رونما ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عملی اقدامات پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبائی حکومت کے شروع کر دہ منصوبے اور موثر اقدامات عوام کے نظروں کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے فلاحی اداروں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ بھی اس ضمن میں صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ صوبے کی تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی عمل یکساں طورپر تکمیل کو پہنچ سکے۔