لائیوسٹاک فارمرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی حلف برداری

لائیوسٹاک فارمرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی حلف برداری

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک اور امداد باہمی محب اللہ خان نے بدھ کے روز پشاور پریس کلب میں لائیو سٹاک فارمرز ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ حلف اُٹھانے والوں میں ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف اعوان، سرپرست اعلیٰ اور سابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائیو سٹاک (تحقیق) ڈاکٹر غفران اللہ، جنرل سیکرٹری حاجی محمد اقبال، چیف ایڈوائزر جاوید ظفر جھگڑا سمیت دیگر عہدیداران شامل ہیں۔ تقریب میں دوسروں کے علاوہ سید سردار باچہ، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (تحقیق) ڈاکٹر مرزا علی خان ڈائریکٹر فشریز محمد دیار خان، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیری ڈیویلپمنٹ اقبال خٹک، وٹرنری ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حبیب الرحمٰن اور جنرل سیکرٹری خسرو کلیم کے علاوہ صوبہ بھر سے آئے ہوئے زمینداروں اور مویشی پال لوگوں نے شرکت کی۔ معاون خصوصی محب اللہ خان نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی فارمرز کی جانب سے ان پر کئے گئے اعتماد کا مظہر ہے اور امید ہے کہ نئی کابینہ کسانوں کے اعتماد پر پورا اترنے اور مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ لائیو سٹاک انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسکی ترقی اور فروغ سے صوبے کی معیشت کا استحکام وابستہ ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب کابینہ کے اراکین مسائل کے حل کے سلسلے میں ان سے رابط میں رہیں تا کہ مشترکہ کاؤشوں کے ذریعے کسانوں کے مسائل حل کئے جا سکیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر