اساتذہ قوم کے معمار اپنے کردار کو پہچانیں،ائیر چیف مارشل سہیل امان
اسلام آباد(پ ر) فضائیہ سکولز اور کالجز کی سالانہ چیف آف دی ائیر سٹاف ایوارڈز کی تقریب ائیریونیورسٹی آڈیٹوریم، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان، اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے پرنسپلز ، ہیڈ مسٹریسز اور طلباء کو ان کی شاندارتعلیمی کارکردگی پرتعریفی اسناد ، نقد انعامات ، میڈلز اور ٹرافیوں سے نوازا۔ شرکاء سے خطاب کے دوران مہمانِ خصوصی نے طلباء میں ہمدردی کا جذبہ اجاگر کرنے اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے ٹریننگ برانچ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے رہنما اور قوم کے معمار ہونے کے ناطے اپنے کردار کو پہچانیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی مکمل صلاحیت اور غیر معمولی خصوصیات سے اپنے لئے اعلیٰ تعلیمی مقاصدکا انتخاب کریں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے انعامات جیتنے والوں کے علاوہ ان لوگوں کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے فضائیہ سکولز اور کالجز میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور دوسری سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی آمد پر ائیر مارشل فاروق حبیب ،ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ )نے انکا استقبا ل کیا ۔ ایوارڈ کی تقریب کے بعد مختلف فضائیہ کالجز کے طلباء نے رنگا رنگ ٹیلنٹ شو کا مظاہرہ کیا ۔ ٹیلنٹ شو میں دہشت گردوں کے ساتھ جنگ کے شہدا کے کردار پیش کئے گئے جنہیں شرکاء نے بہت سراہا۔