پنجاب میں اساتذہ بھرتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے،ایجوکیٹرز رہنما

پنجاب میں اساتذہ بھرتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے،ایجوکیٹرز رہنما

جہلم( نامہ نگار)پنجاب بھر میں اساتذہ کی بھرتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50فیصد اضافہ ضرور کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارپنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کے عہدیداران محمداشفاق حیدر،چودھری راشد محمود، احسان الٰہی شاکر،کامران یوسف، افضال محمود،عامر حبیب ،منظور حسین اور بلال احمد قریشی نے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔اکثر پرائمری سکول صرف ایک یا دو اساتذہ کی مددسے چلائے جا رہے ہیں جبکہ ہر پرائمری سکول میں چھ جماعتوں کے لیے چھ اساتذہ از حد ضروری ہیں۔ پنجاب حکومت نے ہر پرائمری سکول میں دو اساتذہ سائنس مضامین اور دو اساتذہ آرٹس مضامین کے لیے بھرتی کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن پنجاب بھر میں اساتذہ کی بھرتی کا عمل بغیر کسی وجہ کے تاخیر کا شکار ہے ۔ کئی مرتبہ اس سلسلے میں شیڈول دیا گیا مگر ابھی تک یہ عمل مکمل نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافہ کے تناسب سے اگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جاتا تو سرکاری ملازمین معاشی مسائل کا شکار نہ ہوتے لیکن موجودہ حکومت نے اپنے گزشتہ 4سالہ دور میں اس سلسلے میں سرکاری ملازمین کو معمولی سے اضافہ پر ٹرخا کر مایوس ہی کیا ہے۔جس کی وجہ سے وہ موجودہ ہوشربا مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہے۔اس لیے اس مرتبہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50فیصد اضافہ ضرور کیا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر