جاز کیش سرکاری اسکولوں کی طالبات میں وظائف تقسیم کرے گا
کراچی(پ ر) ریفارم سپورٹ یونٹ (RSU)،محکمہ تعلیم، حکومت سندھ کو صوبے بھر میں طالبات کو وظائف تقسیم کرنے کا اختیار حاصل ہے۔اس حوالے سے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں جاز کیش کے ذریعے طالبات میں وظائف تقسیم کرنے کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی ۔یہ وظائف 3,500/-روپے اور 2,500/-روپے کی شرح سے بالترتیب ایسے45 اور 76تعلقوں میں تقسیم کیے جائیں گے جہاں اعلیٰ تعلیم کی شرح کم ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم، جام مہتاب حسین ڈاہرنے کہا:’’یہ اقدام سیکنڈری اسکول کی سطح پر بچیوں کے داخلے میں اضافے کے لیے حکومت سندھ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔بچیوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری ایک ایسی ترجیح ہے جو اسٹریٹجک ڈیویلپمنٹ کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کامعاشرے کو بہت فائدہ پہنچتاہے۔ یہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا خواب تھا کہ تمام لڑکیوں تعلیم یافتہ ہونا چاہئے اور ہم ان کا خواب پورا کرنے کیلئے کے لئے کام کر رہے ہیں۔‘‘سیکرٹری اسکول ایجوکیشن، عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ وظائف کی بروقت تقسیم کی بہت اہمیت ہے ۔حکومت سندھ اس بات سے آگاہ ہے ۔ اب تک وظائف کی تقسیم ATMکارڈز ، پن میلرز اور ایس ایم ایس کے ذریعے ہوتی رہی ہے ۔’’اس سال ہم ایک قدم آگے جا رہے ہیں اور ان وظائف کو جاز کیش کے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے تقسیم کریں گے تاکہ اس وظیفہ کو صحیح فیملی تک پہنچانے کو یقینی بنایا جا سکے ۔‘‘ریفارم سپورٹ یونٹ کے چیف پروگرام منیجر، فیصل احمد عقیلی نے کہا ’’شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کی پرنسپلز کی جانب سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی اسکروٹنی اور آزادانہ تصدیق کے بعد سالانہ تقریباً 300,000طالبات میں وظائف تقسیم کئے جاتے ہیں۔جاز میں بزنس سروسز ڈویژن کے ہیڈ،فیصل ستار نے کہا:’’ایک ذمہ دار سماجی ادارے کے طور پر جاز ہمیشہ ایسے پروگراموں کی سپورٹ کے لیے پیش پیش رہا ہے جن سے معاشرہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔جاز ڈائیورسٹی اور انکلوژن کے فروغ پر یقین رکھتا ہے جو ہماری پروڈکٹس سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔جاز کیش 600,000بچیوں کو تعلیم تک رسائی فراہم کرے گا۔ آرایس یو کے ساتھ ہماری شراکت اس ملک میں تعلیمی فرق کو کم کرنے اور بہترمستقبل کی غرض سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔‘‘