چکوال کے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کردیے گئے، اے ایس پی

چکوال کے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کردیے گئے، اے ایس پی

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع چکوال کے تمام گیارہ تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کردیے گئے ہیں اور ان تمام تھانوں میں پی سی ایس ، سب انسپکٹرز اوراے ایس آئی ایڈمن آفیسر تعینات کیے گئے ہیں جو تھانے سے ہٹ کر آزادانہ طور پر براہ راست ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ کی نگرانی میں کام کرینگے اور اب ہر آدمی کیلئے تھانوں تک رسائی آسان بنا دی گئی ہے، یہ بات اے ایس پی اکرام اللہ خان نے بدھ کے روز چکوال پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتائی، اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر طاہر سکندر مرزا بھی موجود تھے، اے ایس پی اکرام اللہ خان نے بتایا کہ ضلع چکوال میں اس وقت پولیس نفری بارہ سو کے قریب ہے جبکہ اڑھائی ہزار پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ چکوال کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ہیں اور موٹروے سے ضلع چکوال کے اندر داخل ہونے والے تمام افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے اور جرائم کی رفتار پر قابو پانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، تمام تھانوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں جلد ہی ڈی پی او کے دفتر میں سہولت سٹیشن ڈیسک قائم کیا جارہا ہے جہاں پر ضلع چکوال کے تمام تھانوں کی ایف آئی آرز اور دیگر ریکارڈز ہر ضرورت مند کو مفت دستیاب ہوگا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر طاہر سکندر مرزا نے بتایا کہ ریسکیو ون فائیو سٹیشن کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور فالکن فورس کو بھی ریسکیو ون فائیو کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور شہر کے اندر اندرون محلہ کسی بھی جگہ پر جہاں گاڑی نہیں جاسکتی فالکن فورس دو تین منٹ میں موقع پر پہنچے گی اور صورتحال کو قابو کریگی، ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ تمام پولیس افسران کا وٹ ایپس گروپ بنا دیا گیا ہے جو ہمہ وقت ڈی پی او ہارون جوئیہ اور ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس موقع پر پولیس اور پریس یکجہتی کیک بھی کاٹا گیا جبکہ سینئر صحافی خواجہ بابر سلیم محمود نے اپنی کتاب سردار موتہ سنگھ کے ریسٹ ہاؤس سے عوامی حویلی تک اے ایس پی اکرام اللہ خان اور ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر طاہر مرزا کو پیش کی۔ قبل ازیں اے ایس پی اکرام اللہ اور ڈی ایس پی طاہر سکندر مرزا کو ڈیجیٹیل لائبریری کا بھی معائنہ کیا گیا اور لائبریری کے حوالے سے چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر