احترام رمضان،سگریٹ نوشی کرنیوالے افراد کو تین ماہ قید سزا کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستا آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے رمضان المبارک میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو تین ماہ قید سزا کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احترام رمضان کے حوالے قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں رکن کمیٹی چوہدری تنویر کی طرف سے احترام رمضان کے ترمیمی بل 2017 کا جائزہ لینے کے بعدمتفقہ طور پر منظوری دیتے ہوئے کھلے عام سگریٹ نوشی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کرنے اور 3 ماہ قید کی سزا جبکہ ہوٹل مالکان کو 500 روپے سے بڑھا کر25 ہزار روپے جرمانہ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
کمیٹی نے ذرائع ابلاغ کے اداروں اور سینما گھروں کے حوالے سے بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کم از کم5 لاکھ روپے جرمانے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔قبل ازیں کمیٹٰی کی جانب سے تجویز دی گئی کہ تمام سینما گھروں کو تین گھنٹے صبح جبکہ تین گھنٹے افطار کے بعد بند رکھا جائے ،وزیرمملکت برائے مذہبی امور امین الحسنات کی جانب سے تجویز دی گئی کہ جب تک رمضان المبارک کا مہینہ ختم نہیں ہوجاتا تب تک سینما گھروں کو مکمل طور پر بند رہنا چاہیئے۔