عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ،آئی جی عارف نواز

 عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ،آئی جی عارف نواز

  

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کیلئے پولیس فورس کا جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس ہونا بنیادی ضرورت ہے لہذپولیس لائنز میں زیر تربیت اہلکاروں کو بہترین پروفیشنل بنانے کیلئے جہاں جدید ماڈیولز پرمبنی تربیتی نصاب سے بھرپور استفادہ کیا جائے وہیں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مختصر دورانئے کے خصوصی کورسز کروائے جائیں تاکہ وہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ عمدگی سے اداکر سکیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس فورس کے پاس بہترین کارکردگی سے عوامی اعتماد جیتنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں لہذاوسائل اور افرادی قوت کی کمی کو مطلوبہ نتائج میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے بلکہ بھرپور محنت ، ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ عوامی مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں کے حالات کار میں مزید بہتری لانے کیلئے سینئر افسران ذاتی دلچسپی سے اقدامات کو یقینی بنائیںجبکہ دھوپ میں کھڑے ہوکر ڈیوٹی سر انجام دینے والے کانسٹیبل کی ویلفیئرکا خاص خیال رکھا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ رائے عامہ مثبت ہوئے بغیراچھی کارکردگی بے معنی بن جاتی ہے، لہذا عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کو شعار بنایا جائے اور موثر ٹیم ورک کے ذریعے عوام کو بہترین سروس ڈلیوری میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے ۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ٹریننگ کالجز اور سکولز میں حفظان صحت کے مطابق بہتر ین ماحول اور سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے جبکہ اہلکاروں کی ویلفیئر کیلئے ریکریشنل سرگرمیوں بالخصوص کھیلوں کے مقابلوں پر خاص توجہ دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کیا ۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہوربی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور انعام وحید، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل کھاڑک اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین شاہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔پولیس لائنز پہنچنے پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے سیکیورٹی انتظامات کا جائز ہ لیا جبکہ جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے یادگار شہداءپر فاتحہ خوانی بھی کی اورپولیس لائنز میں زیر تربیت اہلکاروں کی ٹریننگ کیلئے میسر سہولیات اوراور دیگر پراجیکٹس کاتفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے انہیں لاہورپولیس کی پرفارمنس اور درپیش چیلنجز کے بارے میںتفصیلی بریفنگ دی ۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا محکمہ پولیس کا مثبت تشخص بحال کرنے کے لئے ہمیں تھانوں کی صورتحال بہتر بنانا ہوگی اور تھانوں کی باقاعدگی سے انسپیکشن کرتے ہوئے ان کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ماتحت ملازمین کی ویلفیئر کا خیال رکھیں تا کہ وہ اپنے بچوں اور اہل خانہ کی ذمہ داریوں سے مطمئن ہو کر زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے بغیرعوام کااعتماد حاصل کرنا ممکن نہیں لہذازیر تربیت اہلکارو ں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرم گفتاری سے پیش آنے کیلئے خصوصی تربیت دی جائے تاکہ جب وہ اپنی ٹریننگ مکمل کرکے فیلڈ میں آئیں تو اپنے بہتر رویے کی بدولت پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی کی فضا کو مزید مضبوط کر سکیں ۔انہوں نے تاکید کی کہ انویسٹی گیشن کے معیار میںمزید بہتری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے جبکہ ہوائی فائرنگ،پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور کی خریدو فرخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے ریسورس مینجمنٹ سنٹر کے دورے کے دوران پولیس فورس کے زیر استعمال ساز و سامان ، یونیفارمز کی بہترین ڈیجیٹلائنزیشن پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کی کارکردگی کو سراہا۔ا نہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کو جدید پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ فرائض منصبی کی ادائیگی کیلئے جدید ساز وسامان کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اورا س سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔دورے کے اختتام پر سی سی پی او لاہور نے آئی جی پنجاب کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

مزید :

علاقائی -