سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کے محکمانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کے محکمانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے زیر اہتمام سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کے 39 ویں محکمانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاگیا،لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ نے نتائج کا اعلان کیا، محکمانہ امتحانات میں 13 سول ججز کامیاب قرار پائے جن میں 6 خواتین جبکہ 7 مرد سول ججز کم مجسٹریٹس شامل ہیں۔ محکمانہ امتحانات میں 35 سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس نے شرکت کی، 21 سول ججز نے پہلی دفعہ امتحان دیا۔ 2 سول ججز نے چوتھی بار امتحان دیا جبکہ 12 سول ججز نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی خصوصی اجازت کے تحت پانچویں مرتبہ امتحان میں شرکت کی۔ تحریری امتحان میں 66 فیصد نمبرز لینے والے امیدوار کامیاب قرار پائے۔ تمام امتحانی عمل لاہور ہائی کورٹ کے تین ججز پر مشتمل کمیٹی کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔ پہلی مرتبہ سول ججز کا محکمانہ تحریری امتحان جدید طریقہ کار کے تحت ہوا۔ جوابی کاپیوں پر جدید سافٹ ویئر کے ذریعے خفیہ رول نمبرز جاری کئے گئے۔ ایگزامینرز کے ناموں کو خفیہ رکھا گیا۔ رزلٹ کے مطابق کامیاب ہونے والے سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس میں سول جج وسیم حسین، عبدالماجد، نویدہ کنول، منزہ رانا، قمر عباس شاہین نور، عمران عابد، توقیر فاطمہ، شفقت حسین، محمد ذیشان رانا، شازیہ پروین، سمیرا جبار اور یوسف سلیم شامل ہیں۔ 

رزلٹ کی تفصیلات لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹ www.lhc.gov.pk پر بھی دستیاب ہیں۔نتائج کا اعلان ایک سادہ و پروقار تقریب میں کیا گیا جس میں امتحانی کمیٹی کے ممبران جسٹس شاہد وحید، جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس شاہد مبین کے علاوہ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری ہمایوں امتیاز، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نذیر احمد گجانہ اور لاہور ہائی کورٹ ایگزامینیشن ونگ اور آئی ٹی ونگ کے افسران بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -