گورنر سے وزیر قانون، آئی جی پنجاب کی ملاقات،ملکی صورتحال پر گفتگو

 گورنر سے وزیر قانون، آئی جی پنجاب کی ملاقات،ملکی صورتحال پر گفتگو

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری سرور سے صوبائی وزیر قانون و بلدیات راجہ بشارت اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ملاقات،صوبے کے امن و امان، نئے بلدیاتی نظام، اداروں کو مزید فعال اور مضبوط کرنے پر تفصیلی بات چیت، ماہ رمضان کے دوران سکیورٹی انتظامات اور داتا دربار کے باہر دھماکے کی انکوائری میں ہونے والی پیشرفت سے بھی گورنر پنجاب کو آگاہ کیا گیا جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت یہ حتمی فیصلہ کر چکی ہیں کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط تر بنایا جائے گا، جب تک اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوتے اصلی اور حقیقی جمہوریت کی تکمیل نہیں ہو گی۔ جب ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان اور عوام بھی مضبوط ہوں گے۔ حکومت اس ضمن میں جو اقدامات اور پالیسیاں مرتب کررہی ہے انشاءاللہ بہت جلد اُس کے اثرات اور ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عام آدمی کے لیے امن و امان کا قیام، بنیادی ضرورتوں کی فوری فراہمی اور زیادہ سے زیادہ ریلیف موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ رمضان المبارک کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے رواں ہفتے داتا دربار کے قریب ہونے والے افسوس ناک اور اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے صرف پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہی نہی تھے بلکہ ملک و قوم کے رکھوالے تھے جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کی خاطر اپنی جان بھی قربان کر دی۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان گنت قربانیاں دی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -