پابندیوں کی خلاف ورزی، امریکہ کا شمالی کوریا جانے والے بحری جہاز پر قبضہ 

پابندیوں کی خلاف ورزی، امریکہ کا شمالی کوریا جانے والے بحری جہاز پر قبضہ 

  

واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ نے شمالی کوریا پر عائد بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر اس کیایک مال بردار جہاز  کو روکتے ہوئے اس پر  قبضہ کرلیا ہے۔امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ قبضے میں لیا گیا جہاز شمالی کوریا کی اس شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے جس کا تعلق وہاں کی فوج سے ہے اور جس پر امریکہ نے پابندیاں لگا رکھی ہیں۔حکام کے مطابق مذکورہ جہاز اقوامِ متحدہ اور امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کوئلہ چین اور دوسرے ملکوں کو سپلائی کرتا تھا اور وہاں سے بھاری مشینری شمالی کوریا لے جاتا تھا۔شمالی کوریا نے تاحال اس معاملے پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے لیکن اندیشہ ہے کہ امریکہ کے اس الزام کے بعد خطے کی صورتِ حال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے اور شمالی کوریا مزید میزائل تجربات کرسکتا ہے۔امریکہ نے یہ اقدام ایسے وقت کیا ہے جب شمالی کوریا نے جمعرات کو مزید دو میزائل تجربات کیے ہیں جن کے بعد خطے کی صورتِ حال ایک بار پھر کشیدہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔پیانگ یانگ نے جمعرات کو جن میزائلوں کا تجربہ کیا ہے وہ بظاہر کم فاصلے تک مار کرنے والے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران شمالی کوریا کی جانب سے میزائلوں کا یہ دوسرا تجربہ ہے جس پر پڑوسی ملک جنوبی کوریا کے علاوہ امریکہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ نئے میزائل تجربات پریشان کن ہیں اور ان سے صورتِ حال بہتر کرنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔دوسری جانب امریکہ بھی شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کرنے پر آمادہ نہیں اور اس کا اصرار ہے کہ پابندیاں اٹھائے جانے سے قبل شمالی کوریا کو اپنے جوہری ہتھیار تلف کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔

مزید :

عالمی منظر -