قومی اسمبلی، قبائلی اضلاع کی نشستوں سے متعلق 26ویں ترمیم کا بل پیش

قومی اسمبلی، قبائلی اضلاع کی نشستوں سے متعلق 26ویں ترمیم کا بل پیش

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قبائلی اضلاع کی نشستوں سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کردیا گیا۔سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، تو اس موقع پر قبائلی اضلاع سے منتخب رکن اسمبلی محسن داوڑ نے قبائلی اضلاع کی نشستوں سے متعلق 26ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کیا۔محسن داوڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سب نے اتفاق رائے سے بل کو لانے کا فیصلہ کیا اور بل میں تجویز کیا کہ قومی اسمبلی میں قبائلی اضلاع کی موجودہ 12 نشستیں برقرار رکھی جائیں۔محسن داوڑ نے کہا کہ تجویز کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم اضلاع کی نشستیں 24 کی جائیں۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے آج کے ایجنڈے میں قبائلی اضلاع  کی نشستوں سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کے بل کی منظوری، 10 سال سے ٹھٹہ اور کراچی کے 90 ماہی گیروں کی بھارتی جیلوں میں قید اور تعلیمی اداروں میں غیر مسلموں کے عدم تحفظ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔گزشتہ روز اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین نے ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے پر شدید تنقید کی اور ایوان میں کارروائی کے دوران ہنگامہ ہوتا رہا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، اگر آئی ایم ایف سے ڈیل پارلمنٹ سے منظور نہ کروائی گئی تو اسے قبول نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو نے حکومت سے سوال بھی کیا کہ ایسا تو نہیں کہ پاکستان میں تعیناتیاں آئی ایم ایف کر رہا ہے۔دوسری طرف وزیر دفاع پرویز خٹک نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو وارننگ دے دی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے قبائلی اضلاع  کی نشستوں سے متعلق بل پر دھواں دھار تقریر کی جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے اظہار خیال کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ خواجہ صاحب غصہ نہ ہوں، ہمیں بھی غصہ آتا ہے، آپ چیخیں گے تو ہم بھی چپ نہیں بیٹھیں گے، کہیں ایسا نہ ہو کہ کل ہم اپنے اسپیکر کے تحفظ کے لیے کھڑے ہو جائیں۔پرویز خٹک کے جملوں پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا اور پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پرویز خٹک نے ہمارا اسپیکر پکارا، کیا آپ پورے ہاؤس کے اسپیکر نہیں؟ پرویز خٹک کے لفظ کو حذف کیا جائے۔راجہ پرویز اشرف کے اعتراض پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ میں پورے ایوان کا اسپیکر ہوں۔

قومی اسمبلی  

مزید :

صفحہ اول -