رمضان المبارک میں اربوں روپے سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے: عثمان بزدار

رمضان المبارک میں اربوں روپے سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے: عثمان ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے لہٰذااربوں روپے کی سبسڈی کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردارعثمان بزدارنے کہا کہ نمائشی ترقی کا ماضی کا دورقصہ پارینہ بن چکا ہے،ماضی کے حکمرانوں نے غلط پالیسیاں اپنا کر خزانہ خالی کیا،اب پنجاب کی پائیدار ترقی کیلئے حقیقی کام ہورہاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالی بحران کے باوجود عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے ہیں،رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیاہے۔ سابق دور میں رمضان بازاروں کے نام پر بھی نمود و نمائش کی گئی جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے نمود ونمائش کو بند کر کے 2ارب روپے کی خطیر رقم کی بچت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے ارزاں داموں دستیاب ہیں،میں نے رمضان بازاروں کے دورے کئے ہیں اور قیمتوں اور کوالٹی کاجائزہ لیاہے جبکہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے وزراء کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔راولپنڈی میں گائنی ہسپتال کی تعمیر نو کے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کابینہ راولپنڈی کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوجدید ترین کارڈیک اینڈ ویسکولر ڈیزیز سینٹرکے طورپر اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے چکی ہے جبکہ راولپنڈی میں 45ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ بنایا جائے گااورنالہ لئی میں نکاسی آب کے ساتھ ساتھ آمدورفت کی بہتر سہولت کیلئے 70ارب روپے سے سگنل فری ایکسپریس وے بھی تعمیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 474ترقیاتی منصوبے تقریباً 157ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وائس چانسلر نشتر میڈیکل کالج ملتان پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے ملاقات کی۔وائس چانسلر نشتر میڈیکل کالج نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈیم فنڈ کیلئے 20 لاکھ روپے مالیت کا چیک دیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ نے ڈیم فنڈ کیلئے چیک دینے پر نشتر میڈیکل کالج کے عملے کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہڈیموں کی تعمیر پاکستان کے مستقبل کیلئے ضروری ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی پیدا کرنے کیلئے ڈیم بنانے کے کام کو قومی فریضہ سمجھ کر آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیم بنانے کی قومی تحریک میں سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔دریں اثناؤزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلی آفس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملاقات کی،جس میں شعبہ صحت کی بہتری اورایمونائزیشن مہم کو مزید موثر انداز میں چلانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -