کوہا ٹ ، انڈس ہائی وے پر ٹریفک کا حادثہ ، میاں بیوی سمیت 4مسافر جاں بحق، 9زخمی
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب ٹریفک کے خوفناک حادثے میں میاں بیوی سمیت چار مسافر جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے ۔حادثہ پشاور سے بنوں جانیوالی مسافر کوچ اور مخالف سمت سے آنیوالے ٹرک اور موٹر کار کے مابین پیش آیا۔جاں بحق اور زخمی افراد کو کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا جہاں دو افراد کی لاشیں شناخت نہ ہونے پر ہسپتال میں رکھی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پرجائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج زخمیوںکی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح پشاور سے بنوں جانیوالی مسافر فلائنگ کوچ نمبر LHT-3106کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع خیبر ہوٹل کے سامنے مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار مال بردار ٹرک نمبر C-9212سے ٹکرا گئی جبکہ اس دوران موٹر کار نمبرATG-125 بھی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہونیوالی ٹرک اور کوچ سے ٹکرا گئی ۔ٹریفک کے اس المناک حادثے کے دوران مسافر کوچ میں سوار بنوں کے رہائشی میاں بیوی حمید اللہ ولد مشرف خان اوراسکی بیوی گل بسیم زارہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں زخمی دیگر دو مسافر جنکی تاحال شناخت نہ ہوسکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ۔گاڑیوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں کوچ میں سوار 9مسافر سجاد،محمد کامران،بلال،سردراز،زکیم حسین،محمد رازق شاہ،کرامت اللہ ،سید نویداورمحمد انورساکنان بنوں زخمی ہوگئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ جرما کے ایس ایچ او کریمان علی پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو 1122کی ایمبولینس گاڑیوں کو طلب کرکے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا ۔جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد میاں بیوی کی لاشیں اپنے آبائی علاقے بنوں روانہ کردی گئی جبکہ عدم شناخت شدہ دو لاشوں کو کے ڈی اے ہسپتال میں رکھا گیا ہے اور زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے ۔واقعے کی اطلاع پر ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود بھی ایس پی آپریشنز طاہر اقبال اور اے ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بعد ازاں ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے ھادثے مین زخمی ہونیوالے افراد کی عیادت کی ۔ادھر حادثے کا مقدمہ تھانہ جرما میں درج کرتے ہوئے پولیس نے حادثے کا شکار تینوں گاڑیاں تحویل میں لیکرمقامی تھانے منتقل کردی ہیںاور حادثے کے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔