محسود قبائل کی قربانیوں کوقدر کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں: میجر جنرل اظہر اقبال عباسی 

محسود قبائل کی قربانیوں کوقدر کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں: میجر جنرل اظہر اقبال ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)پاک فوج محسود قبائل کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور علاقہ میں در پیش مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور(ساؤتھ) میجرجنرل اظہر اقبال عباسی نے جنوبی وزیرستان کے دور افتادہ علاقے باروڑ جنتہ کے دورے کے موقع پر کیا۔ قبائلی عمائدین نے آئی جی ایف سی اور وفد میں شامل دیگر حکام 28بریگیڈ کمانڈر امجد عزیز، ونگ کمانڈر کرنل آصف اور تحصیلدار فضل گنڈا پور کا پرتپاک استقبال کیا اور روایتی پگڑی پہنائی۔بریگیڈ کمانڈر امجد عزیز نے علاقے میں جاری سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر آئی جی ایف سی (ساؤتھ) نے اطمینان کا اظہار کیا اور سکول،صحت، پانی جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے مزید منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی(ساؤتھ)میجرجنرل اظہراقبال عباسی نے علاقہ عمائدین اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں امن برقرار رکھنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی گئی ہیں اور علاقے میں امن قائم کیا گیا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ علاقے کے لوگ اس مثالی امن کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ علاقہ مزید ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ محسود قبائل نے وطن عزیز کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ پاک فوج محسود قبائل کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور علاقہ میں در پیش مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ قبائلی عمائدین نے آئی جی ایف سی(ساؤتھ)میجرجنرل اظہراقبال عباسی اور وفد میں شامل دیگر حکام کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیاجن کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے آئی جی ایف سی نے احکامات جاری کئے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -