لاہور ہائیکورٹ نے نئے حج ٹور آپریٹرز کو اضافی حج کوٹہ کی تقسیم کا عمل روک دیا 

لاہور ہائیکورٹ نے نئے حج ٹور آپریٹرز کو اضافی حج کوٹہ کی تقسیم کا عمل روک ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نئے حج ٹور آپریڑز کو اضافی حج کوٹہ کی تقسیم کا عمل روک دیا،جسٹس شاہد کریم نے اس سلسلے میں عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اوروزارت مذہبی امورسے جواب بھی طلب کرلیاہے ،حج گروپ آرگنائزیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی طرف سے دائراس درخواست میںموقف اختیار کیا گیاہے کہ 2013ءمیں سعودی حکومت نے حرم پاک کی توسیع کا کام جاری ہونے کی وجہ سے 20 فیصد حج کوٹہ کم کردیا تھا،رواں برس سعودی حکومت نے 15790 عازمین حج کااضافہ کوٹہ فراہم کردیا ہے، وزارت مذہبی امور طے شدہ فارمولے کے برعکس پرانے حج ٹور آپریٹرز سے امتیازی سلوک کر رہی ہے،وزارت مذہبی امور ایڈیشنل کوٹہ میں سے6316 نئے حج ٹور آپریٹرز میں تقسیم کررہی ہے،سعودی حکومت کی جانب سے ملنے والے کوٹہ کا 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی آپریٹرزکو ملنا تھا،،وزارت مذہبی امور اضافی کوٹہ صرف نئے نجی ٹور آپریٹرز میں تقسیم کر کے پرانے ٹور آپریٹرز کونظرانداز کر رہی ہے، جس پرعدالت نے نئے حج ٹور آپریڑز کو اضافی حج کوٹہ کی تقسیم کا عمل روکتے ہوئے مذکورہ مدعاعلیہان سے 20مئی تک جواب طلب کرلیاہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -