رمضان شوگر ملز ریفرنس ،شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ منظور کرلیا جبکہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال اوررمضان شوگرملزکیس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی،شہبازشریف اور حمزہ شہباز دونوں احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے دونوں کی جانب سے ان کے وکلا نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کیں،شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیںہو سکتے ،اس لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جبکہ اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے وکیل عطااللہ تارڑنے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کراتے ہوئے کہاکہ حمزہ شہبازکی طبیعت ناسازہے پیش نہیں ہوسکتے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت میڈیکل گراؤنڈپرپیشی سے استثنیٰ دے۔
عدالت نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ آپ کویقین ہے 4ہفتے بعدشہبازشریف وطن واپس آجائیں گے؟اس پر امجد پرویز نے کہا کہ جی،ان کے میڈیکل چیک اپ کاریکارڈپیش کرتے رہے ہیں،نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزم بغیراجازت آج بھی عدالت سے غیرحاضرہے،ایک روزکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی،وکیل صفائی نے مزید کہا کہ ڈاکٹرزنے مزیدعلاج کیلئے بیرون ملک رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہبازشریف خودعدالت پیش ہوناچاہتے ہیں۔عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں جبکہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔