’اس نے مار مار کر میری ٹانگوں کی حالت ایسی کردی کہ بھاگ ہی نہ سکوں‘ ایک ماہ تک مسلسل جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی دردناک کہانی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں سیاحت کے لیے گئی ایک برطانوی لڑکی کو اغواءکرکے ایک ماہ تک بدترین جنسی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ اب بالآخر اس الیشا گریئر نامی 24سالہ لڑکی نے اپنی دردناک کہانی دنیا کو سنا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق الیشا گریئر 2017ءمیں آسٹریلیا گئی جہاں ایک پارٹی میں اس کی ملاقات مارکس مارٹن نامی نوجوان سے ہوئی اور دونوں میں دوستی ہو گئی۔ دونوں نے ایک ساتھ آسٹریلیا کی سیاحت شروع کر دی لیکن اگلے ہی روز الیشا کو کسی اور شخص کا ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں اس نے الیشا کی تعریف کی تھی۔ اس پیغام کی وجہ سے مارکس حسد میں مبتلا ہو گیا اور الیشا کو اغواءکر لیا۔
الیشا نے بتایا ہے کہ ”مارکس نے اس روز مجھے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔اس نے میری آنکھیں نوچنے کی کوشش کی اور مار مار کر میری ٹانگوں کی ایسی حالت کر دی کہ میں بھاگ نہ سکوں اور پھر مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ اس کے بعد ایک مہینے تک اس نے مجھے محبوس رکھا اور جنسی و جسمانی تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ “ رپورٹ کے مطابق ایک روز مارکس الیشا کو گاڑی میں لے کر جا رہا تھا کہ راستے میں پولیس کو دیکھ کر الیشا نے گاڑی سے چھلانگ لگا دی اور یوں اسے مارکس کے چنگل سے نجات مل گئی۔ پولیس نے مارکس کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا اور اب اس کے خلاف مقدمے کی سماعت جاری ہے۔ ملزم کو اس کے خوفناک جرم کے باعث جیل میں قید رکھا جا رہا ہے۔