گوادر پی سی ہوٹل پر حملہ، آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، ایک سکیورٹی گارڈ شہید
گوادر (ڈیلی پاکستان آن لائن) سکیورٹی فورسز نے گوادر میں پی سی ہوٹل پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ہفتہ کے روز عصر کے بعد تین دہشتگردوں نے گوادر میں قائم پی سی ہوٹل پر حملہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تین دہشتگردوں نے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انٹری پر موجود سکیورٹی گارڈز نے انہیں للکارا جس پر انہوں نے فائرنگ کردی ۔ دہشتگردی کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی گارڈ موقع پر شہید ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز نے حملے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی اور ہوٹل میں موجود تمام مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی ہوٹل کے اندر 40 چینی اور 30 پاکستانی شہری موجود تھے جنہیں سکیورٹی فورسز نے باہر نکال لیا تھا جس کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشتگردوں کو بالائی منزل پر جانے والی سیڑھیوں پر محصور کرلیا گیا ہے تاہم اب تازہ پیشرفت یہ سامنے آئی ہے کہ تمام حملہ آوروں کو مار دیا گیا ہے۔