نوجوان بھارتی کرکٹر نے اپنی ماں کے ساتھ زہر کھا کر خود کشی کرلی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے ایک نوجوان کرکٹر نے معاشی بدحالی سے تنگ آکر اپنی ماں کے ساتھ زہر کھا کر خود کشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ونود نامی 25 سالہ نوجوان ونود ممبئی کے سیبا کلب کی طرف سے کرکٹ کھیلتا تھا جبکہ گھر کا خرچ چلانے کیلئے محنت مزدوری کرتا تھا۔ ہفتہ کے روز ان کے پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے ماں بیٹا نظر نہیں آرہے ہیں۔ پولیس گھر میں داخل ہوئی تو انہوں نے فرش پر ماں بیٹے کی لاش دیکھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ونود کے والدین میں علیحدگی ہوچکی تھی اور وہ اپنی ماں کے ساتھ ممبئی میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھا۔ انہوں نے گھر چلانے کیلئے کافی قرضہ بھی لے رکھا تھا جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا تھا اور ممکنہ طور پر دونوں نے زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔