گرین شر ٹس کیلئے خوشخبری،انگلینڈ کیساتھ 5ٹیسٹ میچز متوقع

گرین شر ٹس کیلئے خوشخبری،انگلینڈ کیساتھ 5ٹیسٹ میچز متوقع

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)گرین شرٹس کیلئے خوشخبری ہے کہ اسے رواں برس انگلینڈ کیخلاف 3 کے بجائے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے، ویسٹ انڈیز کیخلاف انگلینڈ کی ملتوی شدہ سیریز ری شیڈول نہ ہونے پرپاکستانی ٹیم2ٹیسٹ زیادہ کھیل سکے گی،ای سی بی حکام مالی مشکلات کو ٹالنے کی منصوبہ بندی پر عمل پیراہیں جبکہ پی سی بی دونوں ممالک کی حکومتوں اور طبی ماہرین کی مشاورت سے دورے کی توسیع پر آمادگی ظاہر کردے گا،قومی ٹیم تین ہفتے قبل انگلینڈ پہنچ جائے گی جس کے پلیئرز کو قرنطینہ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کواس لحاظ سے فائدہ مل سکتا ہے کہ اسے رواں سیزن کے دوران انگلینڈ کے دورے پر 3 کے بجائے 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کا موقع مل جائے گا اگر انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتوی شدہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو ری شیڈول نہ کیا جا سکا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ای سی بی حکام نے رواں سیزن یکم جولائی سے شروع کرنے کا پلان بنایا ہے اور جون میں شیڈول ویسٹ انڈیز کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پہلے ہی ملتوی کی جا چکی ہے اور مالی مشکلات سے نبرد آزما ای سی بی حکام ہر ممکن طور پر مالی بحران کو ٹالنے کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں جنہیں 2020کا سیزن مکمل طور پر ختم ہو جانے کی صورت میں 380ملین پاؤنڈز کے بھاری خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے حالیہ مذاکرات میں ایک ٹیسٹ کے اضافے پر غور کیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ اگست میں شروع ہونے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کو چار سے پانچ میچوں پر محیط کرلیا جائے جبکہ تین ٹی ٹونٹی میچز اس کے علاوہ ہوں گے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ ٹور کیلئے اپنے آپشنز کھلے رکھے ہیں جو دونوں حکومتوں اور میڈیکل اتھارٹیز کی جانب سے گرین سگنل کے بعد انگلینڈ میں اپنا قیام بڑھانے پر آمادہ ہے جس کے دوران چار سے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا سکتی ہے۔مذکورہ دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 رکنی سکواڈ کی تشکیل پر غور شروع کردیا ہے تاکہ سیریز کی تیاریوں کیلئے چند وارم اپ میچز آپس میں کھیلے جا سکیں۔بتایا جاتا ہے کہ انگلینڈ پہنچنے پر پاکستانی کھلاڑیوں کو 14روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے جس کے پیش نظر امکان ہے کہ گرین شرٹس سکواڈ سیریز کے انعقاد سے کم از کم تین ہفتے قبل انگلینڈ پہنچ جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -