کورونا کیس اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے روزگار بھی نہیں چھین سکتے: اسد عمر

کورونا کیس اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے روزگار بھی نہیں چھین سکتے: اسد ...

  

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے ان کا روزگار نہیں چھینا جاسکتا،امید ہے این سی سی فیصلے پر قومی اتحاد کے ساتھ عمل درآمد ہوگا۔اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے کہا کہ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر مسلسل کام کر رہا ہے، ہر روز ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ روز ساڑھے تیرہ ہزار کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں 70 لیبز کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں، خوشی ہے کہ قومی فیصلے مشاورت سے ہو رہے ہیں، تمام ادارے مل کر ایک نظام کے تحت کام کر رہے ہیں، بڑے فیصلے ہو چکے ہیں اور اب عمل درآمد کا مرحلہ ہے۔ لاہور اور پشاور میں کیسز بڑھ رہے ہیں، کراچی میں بھی بہت زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، ملک میں کورونا کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے ان کا روزگار نہیں چھینا جاسکتا، ہمیں زندگی کا پہیہ چلانے کے ساتھ وبا سے حفاظت بھی کرنی ہے، پورا ملک بند کرنے کے بجائے متاثرہ علاقوں کو بند کیا جائے گا۔ سمارٹ لاک ڈاوَن کے نظام نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، ہمیں نشاندہی کرنی ہے کہاں زیادہ وائرس پھیل رہاہے۔ پنجاب میں 359 مقامات جبکہ خیبر پختونخوا کے 177علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں بستروں کی کمی نہیں ہے، کورونا سے متعلق صحت کے ڈیٹا کیلئے ایک پورٹل بن چکا ہے، پنجاب حکومت نے کورونا سے متعلق ایپ تیار کر لی ہے، ایپ سے شہری معلوم کر سکیں گے انہیں کس ہسپتال جانا ہے۔

اسدعمر

مزید :

صفحہ اول -