عثمان بزدار کا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم، ہوم آئسولیشن کی اجازت دیدی
لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہوم آئسولیشن کی اجازت دیدی-محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ اور ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سفارشات پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوم آئسولیشن کی اجازت دیتے ہوئے بتایا کہ ہوم آئسولیشن کے لئے عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز کو مدنظر رکھا گیا ہے-صرف معمولی علامات والے مریضوں کو ہی ہوم آئسولیشن میں رکھا جاسکے گا-مریض کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی نگرانی میں ضروری سہولتوں سے مزین عمارت میں رکھا جائے گا-ہوٹلز، سکول بلڈنگز، مساجد، ہوسٹلز، کمیونٹی سنٹر اورضروری سہولیات سے مزین عمارت میں مریض کو رکھا جاسکے گا،جس عمارت میں مریض کو ہوم آئسولیشن میں رکھا جائے گا اس بلڈنگ کو روزانہ ڈس انفیکشن کیا جائے گا-ہوم آئسولیشن والی بلڈنگ میں سالڈ ویسٹ کو گائیڈ لائن کے مطابق تلف کیا جائے گا-کسی ایسی عمارت میں ہوم آئسولیشن نہیں کی جاسکے گی جہاں کولنگ اور ہیٹنگ سسٹم سے وائرس پھیلنے کااندیشہ ہو-آئسولیشن کے مریض کو صرف ڈسپوزیبل برتنوں میں کھانا مہیا کیا جائے گا-ہوم آئسولیشن کا فیصلہ ڈپٹی کمشنرکی نامزد کردہ ہوم آئسولیشن کمیٹی کرے گی-ہوم آئسولیشن کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر یا ان کا نمائندہ ڈی ڈی او ہیلتھ، چیف آفیسر شامل ہوں گے -پاپولیشن ویلفیئر، لائیوسٹاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اہلکارکوہوم آئسولیشن کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کریں گے-ہر اربن یونین کونسل میں 3کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ہرکمیٹی میں ایک ڈاکٹر شامل ہوگا -ہر دیہی یونین کونسل میں کمیٹی بنائی جائے گی،کمیٹی میں ڈاکٹر کا ہونا ضروری ہے-کمیٹی خاندان کے افراد کی تعداد کے مطابق ایک سے زیادہ مریضوں کو رکھنے کی گنجائش کا بھی جائزہ لے گی-ہوم آئسولیشن کی اجازت سے پہلے متعلقہ خاندان کو طریقے کار اورایس او پیز سے متعلق آگاہ کیا جائے گا-ہوم آئسولیشن میں موجود مریض اپنی کنڈیشن کے بارے میں روزانہ اطلاع کرنے کا پابند ہوگا- ہوم آئسولیشن کے ہر مریض پر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی ہدایات پر عملدرآمد ضروری ہوگا-ہوم آئسولیشن میں مریض کے لئے ٹیسٹنگ پروٹوکول کی پابندی بھی لازمی ہوگی -ہوم آئسولیشن کا دورانیہ 10دن ہوگا اور اسے ختم کرنے کے لئے مریض کے 2نیگٹو کورونا ٹیسٹ ضروری ہوں گے -ہوم آئسولیشن ختم ہونے پر دوسرا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر مزید 5دن کے بعد نیا ٹیسٹ کرایا جائے گا-کورونا ٹیسٹ کی سہولت میسر نہ ہونے پر مریض کوعلامات ختم ہونے کے باوجود مزید 2ہفتے الگ رہنا ہوگا -وزیراعلیٰ نے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کو ہوم آئسولیشن کے ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی-
عثمان بزدار
لاہور(این این آئی)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم دیاہے-وزیراعلیٰ نے انتظامی اداروں کو لاک ڈاون ایس اوپیز سختی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے حوالے سے ناجائزفائد ہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی - عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کی -کورونا کے خطرات بدستورموجود ہیں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا- حکومت پنجاب نے تفصیلی مشاورت کے بعد نئے اقدامات اٹھائے ہیں -وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ تاجربرادری اور عوام کورونا سے بچاو کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے- انہوں نے متنبہ کیاکہ جو کاروباری ادارے اور انڈسٹریل یونٹس ایس او پیزپرعمل نہیں کریں گے انکے خلاف ایکشن ہوگا- ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ارتکاب کرنے والے اداروں کی اجازت منسوخ کردی جائے گی - حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کے لئے اقدامات پر کاربند ہے - صوبہ بھر میں کورونا کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں - وفاق کی رہنمائی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جارہے ہیں -عثمان بزدارنے معروف ڈرامہ نگار،کامیڈین اطہر شاہ خان جیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اطہر شاہ خان جیدی ٹی وی اور ریڈیوکا سنہرا ماضی تھے- اطہر شاہ خان نے اپنی بے ساختہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا - مرحوم اپنے منفرد سٹائل اور اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ یادرکھے جائیں گے-وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سردار عثمان بزدارنے میلسی لنک کینال میں گاڑی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے-وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے،جان کر بہت دکھ ہوا ہے -وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر ملتان سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے-وزیر اعلیٰ انصاف امدادپروگرام اور عید پیکج کو حتمی شکل دیدی گئی جس کے تحت امداد کی تقسیم کا مرحلہ آج (پیر) سے شروع ہوگا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے 25لاکھ خاندانوں میں 12ہزار فی خاندان امداد تقسیم کی جائے گی اس سلسلہ میں پنجاب بھر میں 6ہزار سے زائد امدادی سنٹرز بنائے جائیں گے۔
لاک ڈاؤن