سندھ حکومت انتظامی معاملات میں مکمل ناکام ہو چکی، مراد سعید

  سندھ حکومت انتظامی معاملات میں مکمل ناکام ہو چکی، مراد سعید

  

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ این ایچ اے نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹم سروے کا فیزون مکمل کرلیا ہے، منصوبے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ دور حکومت میں این ایچ اے کی آمدن میں 73 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے،منصوبہ رائٹ آف وے سے استفادے کے لحاظ سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جیوگرافک انفار میشن سسٹم سروے کا کام گزشتہ برس جون میں شروع کیا گیا تھا،راولپنڈی سے کھاریاں تک منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کاکام بھی مکمل ہو چکا ہے،باقی سڑکوں اورفیز3 کاکام 2020 میں ہی مکمل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے فیزون مصروف ترین شاہراہوں کراچی ملتان لاہور اور پشاور پر مشتمل ہے۔وفاقی وزیر مراد سعید نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا تے ہوئے کہا ہے کہ کراچی شہر کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا پھر کہتے ہیں مجھ سے سوال نہ کریں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری اور سندھ حکومت سے چند سوالات کرنا چاہتا ہوں، سندھ حکومت انتظامی معاملات میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔ سندھ کے ایک وزیر نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو راشن پہنچا دیا، دوسرے نے کہا 3 لاکھ، تیسرے نے کہا ساڑھے 5 لاکھ لوگوں کو راشن دیا۔ کسی کو معلوم نہیں راشن کے نام پر کروڑوں روپے کہاں گئے۔انہوں نے کہا کہ 550 ارب روپے کا حساب لیں تو گالیاں دینا شروع کر دیتے ہیں، 550 ارب صحت پر لگتے تو کیا لاڑکانہ میں بچے کتے کے کاٹے سے مرتے، ہم کہتے ہیں لاڑکانہ اور سندھ کتوں کی زد میں ہیں تو آپ گالیاں دیتے ہیں، صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے آپ کو جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی جان بچانے کے لیے وینٹی لیٹر کیوں نہیں دیا گیا، سندھ کے سکولوں میں بچوں کے بجائے کتے اور گدھے کھڑے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ مجھ سے سوال پوچھنے کی ہمت کون کریگا، بلاول کے والد نے بھی کہا تھا نیب کون ہوتا ہے جو مجھ سے سوال کرے، کیا آپ خود کو فرعون سمجھتے ہیں یا سندھ کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے۔ عوام سے کہتا ہوں 128 صفحات کی جے آئی ٹی رپورٹ پڑھ لیں، سب کو پتہ چل جائے گا مراد علی شاہ زرداری کی کرپشن کا سہولت کار کیسے بنا۔

مراد سعید

مزید :

صفحہ اول -