بھارت نئے جارحیت کی تیاری کر رہاہے: سردار مسعود، شکست انڈیا کا مقدر بن چکی: فاروق حیدر

      بھارت نئے جارحیت کی تیاری کر رہاہے: سردار مسعود، شکست انڈیا کا مقدر بن ...

  

اسلام آباد،مظفرآباد(این این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتیا جنتا پارٹی، ہندوستانی قابض افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں پاکستان اور آزاد کشمیر کے خلاف ایک گھناؤنی سازش میں مصروف کار ہیں۔ قابض افواج نے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ ماہ ہندوستان نے چالیس سے زائد نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا ہے۔ یہ سب ماورائے عدالت قتل ہیں اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔ ہندوستانی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ہائی کمانڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کمزور اور من گھڑت کہانیاں گھڑ کر پاکستان پر یہ الزام عائد کریں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ایسے نئے گروہ تیار کر رہا ہے اور انہیں فنڈنگ بھی کر رہا ہے کہ وہ ہندوستانی قابض قوتوں سے لڑیں۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ہندوستان یہ جانتا ہے کہ کشمیر کی موجودہ تحریک سو فیصد مقامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی افواج لائن آف کنٹرول پر مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں اور اب ان کے انٹیلی جنس حکام ایک جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں اور پراکسی وار کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کے جنگی کھیل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہندوستانی قابض قوتوں نے ایک مرتبہ پھر ”شکار کھیلو“ کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان کو ہندوستان کے مختلف جارحانہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ یہ جارحیت ہندوستان پاکستان اور آزادکشمیر کے خلاف کرنا چاہتا ہے جو مختلف تخریبی کارروائیوں، جاسوسی اور پروپیگنڈے کی شکل میں ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں موسم کا حال کیا دے گا اسے ہم جلد دہلی کا حال سنائیں گے۔ بھارت کی جانب سے موسمیاتی خبرنامے میں گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کو اپنا حصہ دکھانا اسکی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔بھارت جسطرح کی چاہے سیاسی چالیں چل لے شکست اسکا مقدر بن چکی ہے۔وزیراعظم پاکستان سے کہتا ہوں کہ وہ خود لیڈ کریں مقبوضہ کشمیر کے معصوم بھائی،بہنیں اور بیٹیاں ہمارے منتظر ہیں ان کے لئے آگے بڑھیں۔ وزیراعظم عمران خان کے لئے وقت ہے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے فیصلہ کن کردار ادا کریں فوج اور قوم ان کے حکم کی منتظر ہے۔میر واعظ محمد یوسف شاہ ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔میرواعظ مولوی فاروق صاحب کے بغیر کشمیر کی تاریخ مکمل نہیں ان کے بیٹے ان کے کام کو احسن انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں،سید علی گیلانی صاحب کا وجود تحریک حریت کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے وہ ہمارا اثاثہ ہیں ان کا وجود تحریک کے لیے باعث رحمت ہے اس کے ساتھ اسیران حریت یاسین ملک،شبیر احمد شاہ،آسیہ اندرابی ان کے شوہر اور پانچ اگست کے بعد ہندوستان کی جیلوں میں قیدگیارہ ہزار ہمارے بچے ان کو سلام پیش کرتے ہیں مقبوضۃ وادی میں کورونا وائرس پھیلا ہے ایسے میں ہندوستان کی شقی القلب قیادت اور ان کے گماشتے جو کچھ کررہے ہیں وہ ناکام ہونگے۔

فاروق حیدر

مزید :

صفحہ آخر -