4روزکاروبارکی اجازت دینا حکومت کا درست فیصلہ، لاہور چیمبر

4روزکاروبارکی اجازت دینا حکومت کا درست فیصلہ، لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) لاہور چیمبر میں ایک ہنگامی اجلاس کے موقع پر مارکیٹوں، صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنز کے سو سے زائد عہدیداروں اور نمائندوں نے چھوٹی مارکیٹیں و دکانیں کھلوانے اور تاجروں کو معاشی طور پر مفلوج ہونے سے بچانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں کو بھرپور طریقے سے سراہا اور حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سابق صدر محمد علی میاں، ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد، بلال ظفراور مارکیٹوں، صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ تاجر برادری کے عہدیداروں نے کہا کہ طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجر برادری شدید پریشان اور بدترین معاشی بحران سے دوچار تھی، لاہور چیمبر نے تاجروں کوان مشکلات سے باہر نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر کی محنت اور انتھک کوششیں رنگ لائیں اور حکومت نے ہفتے میں چار روز کے لیے مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی، حکومت کی جانب سے لاہور چیمبر کے مطالبات تسلیم کرنے کا خیر مقدم اور تمام تاجروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کے معاشی مسائل ختم ہونے سے ملک کی معیشت کو فائدہ ہوگا، تاجرکرونا کے خاتمے کے لیے حکومت سے تعاون کریں اور ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ صنعت و تجارت میں معاشی پریشانیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی تھیں جن میں اب کمی واقع ہوگی۔ عرفان اقبال شیخ نے توقع ظاہر کی کہ حکومت شاپنگ مالز اور میگا ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو بھی ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دے دے گی کیونکہ ان کے معاشی مسائل بھی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ایس ایس پی سکیورٹیز فیصل شہزاد نے کہا کہ کرونا سے محفوظ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے، گاہکوں اور دکانداروں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ بازاروں اور مارکیٹوں کے تاجروں سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے تشکیل دئیے گئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر اور حفاظتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کروناکی وبا کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے
۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں نے کہا کہ تاجر برادری کروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ کاروبار بھی چلتے رہیں اور کرونا کی وبا کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے۔ اجلاس سے خالد پرویز، اشرف بھٹی، محبوب سرکی، بابر محمود، خواجہ عامر، حاجی محمد حنیف، ذیشان خلیل، طاہر منظور چودھری، ملک محمد خالد، خامس سعید بٹ، چودھری فیاض، حاجی اشفاق، یونس بیگ، سہیل سرفراز منج، خواجہ اعجاز احمد، تنویر جٹ، عاصم انعام مگوں، جاوید بھٹی، میاں اسحاق، محمد عاطف، چودھری ریحان، رفعت علی سنی، شہزاد اقبال، خادم حسین، حاجی افضل، شہزادہ سلیم، سلیم بٹ، حافظ سجاد، عامر آفتاب ملک، ملک کلیم احمد، میاں سلیم، جمشید کھوکھر، فہیم الرحمن سہگل، میاں احسن سعید، ارشد خان، حارث عتیق، اورنگزیب اسلم، اکرم مہر، رانا نثار، شاہد اسلم، ملک خالد، شیخ عمر حیات، شیخ سجاد افضل، نعیم حنیف، ذیشان سہیل ملک، محمد چودھری، میاں خلیل عبیر، شاہد نذیر، شیخ خضر حیات، میاں طارق فیروز، حاجی فرخ اقبال، رانا مجاہد اسلام، رانا ندیم عباس، طیب رشید، غلام سرور ہجویری، حاجی محمد اکرم، راحت علی، عمران اشرف میر، زبیر انصاری، خرم لودھی، رمضان گجر، نعیم خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

کامرس -