کے ایم سی اسپتالوں کی لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ شروع کئے جا رہے ہیں: میئر کراچی

کے ایم سی اسپتالوں کی لیبارٹریز میں کورونا ٹیسٹ شروع کئے جا رہے ہیں: میئر ...

  

کراچی (سٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کے ایم سی کے ان اسپتالوں میں جہاں لیبارٹریز موجود ہیں کورونا وائرس کے ٹیسٹ شروع کئے جارہے ہیں، شہریوں کو بچانے کی خاطر کے ایم سی کے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں، پانچ ڈاکٹرز اور 7 پیرامیڈیکل اسٹاف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، یہ بات انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ علی، ماڈل بشا عباس، واسع عباس اور کے ایم سی اسپتالوں کے تما م میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ دنیا کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے اور بڑے بڑے ممالک بھی اس وقت اس وباء کی وجہ سے ان کی معیشت تباہ ہورہی ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے پرائیویٹ سیکٹر سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور تنگدست اور روزمرہ کام کرنے والے افراد کی مدد کریں تاکہ وہ اپنے گھر والوں اور خاندان کا گزر بسر کرسکیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے مختلف اسپتالوں میں چالیس وینٹی لیزڑ موجود ہیں جبکہ چار ہسپتالوں میں فلٹرز کلینک بنا دئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی شہری حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور اس کڑے وقت میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ہم جلد سے جلد اس وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نکل سکیں، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے باعث انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی ہے اور ابھی یہ طے نہیں کہ یہ مشکلات کب ختم ہونگی، انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے لیکن شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی اور ایک دوسرے کی مدد سے ہی ہم ان حالات کا مقابلہ کرسکیں گے، تقریب میں ماڈل بشا عباس نے ایک کثیر رقم سے خریدی گئیں اشیاء جن میں وینٹی لیٹر، ماسک، دستانے، ٹشو پیپرز، سینی ٹائزرز اور دیگر اشیاء عطیہ کیں اور بتایا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں کے لئے انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ یہ عطیات جمع کئے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے باعث متاثرہونے والے مریضوں کے کام آسکیں، انہوں نے دوسرے شہریوں کو بھی دعوت دی کہ وہ آگے آئیں اور امدادی کاموں میں بھر پور حصہ لیں، میئر کراچی نے اس موقع پر یہ سامان اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کے کیا۔تقریب سے ڈاکٹر سلمی کوثر بشا عباس، واسع عباس اور ڈاکٹر ساجد نے خطاب کیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -