اطہر شاہ خان کے انتقال پرگورنرسندھ کا اظہار افسوس

  اطہر شاہ خان کے انتقال پرگورنرسندھ کا اظہار افسوس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف مزاحیہ اداکار،مصنف اور شاعر اطہر شاہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت،درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اطہر شاہ خان نے جیدی کے کردار کے ذریعہ سماجی برائیوں پر بھرپور طنز کیا،انہوں نے اپنی لازوال اداکاری سے جیدی کے کردار کو امر کردیا،ان کے ڈرامے اور شاعری اردو مزاحیہ ادب کا شاہکار ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اطہر شاہ خان نے اردو مزاح کو ایک نئی جہت دی اور ان کے ڈراموں سے فن اداکاری سے وابستہ افراد بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں،بلاشبہ اطہر شاہ خان انتہائی با صلاحیت فنکار رہے جنھوں نے اپنی اداکاری کے ذریعہ معاشرتی برائیوں اور ان سے جنم لینے والی خرابیوں کو اجاگر کیا۔گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ اطہر شاہ خان کے انتقال سے اردو مزاحیہ ادب میں پیدا ہونے والے خلاء کو پْر ہونے میں ایک عرصہ لگے گا لیکن ان کے ڈرامے اورشاعری ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہے گی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔