ماں سے ہی کائنات کے رنگوں میں خوبصورتی ہے، ڈاکٹر فتح برفت

  ماں سے ہی کائنات کے رنگوں میں خوبصورتی ہے، ڈاکٹر فتح برفت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد(بیورورپورٹ)شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کی تمام ماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں دنیا کا عظیم رشتہ ہے، جس کا کوئی بدل نہیں ہوسکتا، اپنے ایک میں وی سی ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا ہے کہ ماں کے وجود سے ہی کائنات کے رنگوں میں خوبصورتی ہے۔ وہ لوگ بڑے خوش قسمت ہیں جن کے سر پر ماں کا سایہ سلامت ہے، اور انہیں اپنی ماں کی خدمت کا موقع حاصل ہے۔ ماں دعاؤں کا دروازہ ہے، جس کی دعائیں کامیابی و کامرانی کی منزل پر پہنچاتی اور تمام مشکلات آسان کرتی ہیں۔ ڈاکٹر برفت نے کہا ہے کہ خدا پاک نے ماں کے پا?ں تلے جنت دے کر اس کے رتبے کو اعلی' و افضل بنایا ہے، جس گھر میں ماں کا سایہ ہے وہ گھر مثل جنت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہے، جس میں وہ کھانے پینے، بولنے، کھڑے ہونے، گھومنے سمیت زندگی کے بنیادی آداب سیکھتا ہے۔ ماں کی تربیت زندگی سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ماں کا دل ہر دم محبت، شفقت اوردعاؤں سے سرشار ہوتا ہے، جو اپنا نوالہ بھی اپنے بچے کو کھلانا چاہتی ہے، ڈاکٹر برفت نے کہا ہے کہ ماں اپنی اولاد کو کبھی بھی مشکلات میں دیکھنا نہیں چاہتی، اس کی دعائیں ہمیشہ چھاؤں بن کران کی حفاظت کرتی ہیں۔ ماں کا رشتہ دنیاوی لالچ و مفادات سے پاک رشتہ ہے، اولاد کی خوشیاں، آسائشیں اور سلامتی ہی ماں کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو ہر دن ماں کا دن ہے، لیکن ماؤں کا یہ عالمی دن خاص اہمیت کا حامل دن ہے، یہ دن اپنی ماں کو سلام کرنے کا دن ہے،اس کے پاؤں پر ہاتھ رکھ کر اس کے ان گنے احسانات کا شکریہ ادا کرنے کا دن ہے اور خدا پاک سے ان کی سلامتی کی دعا کرنے کا دن ہے۔