بند دروازوں کے پیچھے پاک، انگلینڈ سیریز کے انعقاد کا معاملہ، ایشین بریڈمین ظہیرعباس نے پاکستانیوں کے دل کی بات کہہ دی

بند دروازوں کے پیچھے پاک، انگلینڈ سیریز کے انعقاد کا معاملہ، ایشین بریڈمین ...
بند دروازوں کے پیچھے پاک، انگلینڈ سیریز کے انعقاد کا معاملہ، ایشین بریڈمین ظہیرعباس نے پاکستانیوں کے دل کی بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان ظہیر عباس نے پاک، انگلینڈ سیریز کو کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بند دروازوں کے پیچھے ہی سہی، کم از کم شائقین کو ایکشن تو دیکھنے کو ملے گا جبکہ کرکٹرز ناصرف اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھ سکیں گے بلکہ خالی سٹیڈیم کے باعث یکسوئی کیساتھ بہترین کھیل پیش کرنے پر توجہ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں ظہیر عباس نے کہاکہ پاک، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز دنیا میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز ثابت ہوسکتی ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے بورڈز مالی خسارے میں جارہے ہیں اور دوسری طرف کرکٹرز ایکشن کو ترسے ہوئے ہیں، اس صورتحال میں کسی انداز میں ہی کرکٹ بحال ہوجائے تو بڑی خوش آئند بات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد کھیل کا ماحول مختلف ہوگا لیکن کرکٹرز کو اس کیلئے تیار رہنا چاہیے، پاکستان کو انگلینڈ میں جاکر کھیلنا ہوگا،بند دروازوں کے پیچھے ہی سہی کرکٹ تو ہوگی، کھلاڑیوں کو بھی اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے میں مدد ملے گی،ظہیر عباس نے کہا کہ صرف ٹی وی پر ہی میچز دیکھنے کا موقع ملے تب بھی دنیا بھر میں شائقین لائیو کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا ایک فائدہ یہ ہونا ہے کہ دیگر ملکوں کو بھی مقابلے کرانے کا حوصلہ ملے گا، لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پہلے سے کہیں زیادہ افراد ٹی وی پر میچ دیکھیں گے،انگلش بورڈ کو بھی نشریاتی حقوق سے آمدنی حاصل ہوگی۔انہوں نے کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ اگر خالی سٹیڈیمز میں بھی میچ کھیلنا پڑیں تو یکسوئی کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرنے پر توجہ دیں، یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ صورتحال وقتی طور پر ہے اور ایک بار پھر تماشائیوں سے بھرے وینیوز میں میچز کے دوران ایکشن نظر آئے گا۔

مزید :

کھیل -