کرکٹ کے اہم معاملے پر اظہر محمود نے وقار یونس کی مخالفت کردی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر اظہر محمود نے وقار یونس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے گیند کو چمکانے کے لیے تھوک یا پسینے کا استعمال روکنا مناسب عمل ہو گا لیکن ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ گیند بنانے والے ادارے کوئی ایسا مواد تیار کریں جس سے اننگز کے دوران گیند کو چمکایا جاسکے تاکہ بیٹ اور بال کا بیلنس برقرار رہے۔وقار یونس نے کچھ عرصہ قبل گیند کو تھوک یا پسینے سے نہ چمکانے کی مخالفت کی تھی
نجی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کا مزہ نہیں ہوگا اور کھلاڑی بور یت محسوس کریں گے لیکن فی الوقت کرکٹ کی واپسی کے لیے ایسا کرنا پڑ جائے تو کوئی حرج نہیں۔جیو نیوز کو انٹرویو میں اظہر محمود نے کہا کہ اس وقت تو سب ہی کی کوشش یہ ہے کہ کرکٹ واپس ہو کیوں کہ بورڈز کو اپنی ا?مدنی کا سلسلہ بھی دیکھنا ہے۔ان کا کہنا تھا یہ بات درست ہے کہ کھلاڑی بغیر تماشائیوں کے بور ہو جائیں گے کیوں کہ کھلاڑی بھی فنکاروں کی طرح ہوتے ہیں، انہیں اچھا لگتا ہے جب اچھے شاٹ یا اچھی گیند پر لوگ ان کو داد دیں، یہ نہیں ہوگا تو کرکٹ کا مزہ ماند پڑ جائے گا لیکن کرکٹ کی واپسی یقینی بنانے کے لیے اگر کچھ وقت کے لیے ایسا کرنا بھی پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، جب حالات بہتر ہوجائیں گے تو تماشائی بھی میدانوں میں واپس آجائیں گے۔