کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ڈلیوری پارسل کو کتنی دیر ایسے ہی پڑا رہنے دینا چاہیے؟ ہدایات جاری کردی گئیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاﺅن کے دوران بہت سے لوگ آن لائن شاپنگ کر رہے ہیں، حتیٰ کہ اشیائے ضروریہ بھی گھر پر ہی آرڈر کر رہے ہیں۔ اب اس حوالے سے ماہرین نے لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے اہم ہدایت جاری کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی ماہرین نے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ گھر پر آنے والے پارسلز پر بھی کورونا وائرس موجود ہو سکتا ہے چنانچہ پارسل گھر آنے کے بعد اسے 72گھنٹے کے لیے ایسے ہی پڑا رہنے دیں اور پھر اسے کھولیں۔
رپورٹ کے مطابق بیتھ، برسٹل اور ساﺅتھ ہیمپٹن کے تحقیق کاروں نے بتایا ہے کہ کاغذ کی مختلف اقسام پر کورونا وائرس 72گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے چنانچہ اس دورانیے میں پارسل کو ہاتھ لگانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور آپ وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔یونیورسٹی آف بیتھ کے پروفیسر ڈاکٹر بین اینزورتھ کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ کورونا وائرس بھی اسی طرح پھیلتا ہے جس طرح دیگر وائرسز پھیلتے ہیں۔ اس احتیاط پر عمل کرکے ہم کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں بہت حد تک کمی لا سکتے ہیں۔“