کورونا وائرس کا ایک مریض جس نے 533 لوگوں کو یہ مرض لگادیا
ایکرا(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کس تیزی سے پھیلتا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گھانا میں ایک فیکٹری ورکرز نے چند دن میں 533ساتھیوں کو اس وائر س میں مبتلا کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ انکشاف گھانا کے صدر نینا اکوفو ایڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے منظرعام پر آنے کے بعد انہوں نے لاک ڈاﺅن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں گھانا میں لاک ڈاﺅن میں نرمی کی گئی تھی اور کچھ فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ فیکٹری گھانا کے شہر تیما میں واقع ہے جہاں ایک ورکر نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کے بعد 533لوگوں کو متاثر کیا۔ گھانا کے صدر کا کہنا تھا کہ اس فیکٹری سے سامنے آنے والے کیس ملک کے کل کیسز کا 11.3فیصد ہیں۔ واضح رہے کہ گھانا میں اب تک کورونا وائرس کے 4ہزار 700کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 22لوگوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔