”پاکستان کو مزید قرضوں کی ضرورت ہے“
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر پاکستان کو مزید قرضوں کی ضرورت ہے اور رواں سال دسمبر میں شیڈول 1.8 ارب ڈالر کی قسط کے شیڈول کو دوبارہ سے مرتب کیا جا رہا ہے۔جرمن سفیر اسٹیفن شلگچیک نے فرانسیسی سفیر ڈاکٹر مارک بیریٹی اور معاشی قونصلر اینیس بوتیر کے ہمراہ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سفیروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کورونا وائرس کی بحرانی صورتحال کے ملک کی معاشی صورتحال اور اس کے مستقبل میں ملک کی معاشی صورتحال پر مرتب ہونے والے اثرات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ وائرس کے پھیلاو¿ سے قبل پاکستان اپنے کرنٹ اکاونٹ خسارے کو قابو کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا اور سخت مالی نظم و ضبط کی بدولت مالی سال کے دوران شرح نمو میں 3فیصد اضافہ متوقع تھا لیکن اب وائرس کے بعد شرح نمو اور ترقی کے اہداف کا تعین یا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شرح نمو منفی ایک سے 1.5- فیصد تک ہو گی۔