عیدکی آمد امت کے لئے خوشیوں کا پیغام ہے،سید عظمت شاہ
لاہور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے صدر سید عظمت علی شاہ نے کہا ہے کہ عید کی آمد امت مسلمہ کیلئے دنیا بھر میں خوشیوں کا پیغام سعید ہے۔ آج کاروباری معاشرتی سماجی بندشوں میں جکڑے امور زندگی اور نظام زندگی آزمائش اور امتحان کا کٹھن مرحلہ ہے۔ وبا سے بچنے میں حکومت کی کوششیں ثمر آور بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کو کسی صورت نظر انداز نہ ہونے دیں۔ وبا نے دنیا بھر میں آج اقتصادی اور معاشی نظام کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔
پاکستان میں لاک ڈاون کے دوران عید کے ایام اپنے محلہ اور گرد و نواح میں غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرکے گزاریں۔
کئی ماوں کے لعل نئے لباس کی خواہش میں غیبی مدد کے منتظر ہوں گے۔ غمزدہ چہروں پر خوشیاں لے کر آئیے رب زندگی کے دکھوں کو خوشیوں میں بدل دے گا۔ زندگی کے کٹھن اور مشکل دو راہے پر کھڑی زندگی کو آج ایک دوسرے کی مدد کرکے انسانیت نبھانے کی ضرورت ہے۔ یہ مشکل دن اور کٹھن گھڑیاں گزر جائیں گی زندگی کے پہئیے کی رفتار رحم و کرم خداوندی سے پھر سے معمول پر آئے گی۔ مشکلات کے اس سفر کو خلق خدا میں محبتیں بانٹ کر آسان کیجئے۔ نیکی اور رضائے الہی کیلئے صرف کی گئی کاوشیں دنیا و آخرت میں سرخروئی اور رحمت الہی کی نوید ثابت ہوں گی۔