ایک پی ٹی آئی کارکن کا وزیرِ اعظم  کے نام کھُلا خط

ایک پی ٹی آئی کارکن کا وزیرِ اعظم  کے نام کھُلا خط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جناب وزیراعظم! ہم آپ کے سچے ٹائیگرز ہیں اور ہم نے ہر موقع پر ثابت بھی کیا۔تحریکِ انصاف خوشاب سمیت پورے ملک کے پی ٹی آئی کارکنان ہی وہ سٹریٹ پاور تھے جنہوں نے پی ٹی آئی کو سونامی جیسی طاقت میں تبدیل کیا۔ حکومت کی عوامی توقعات کے بر عکس کارکردگی اور شدید مہنگائی کے باوجود یہ پی ٹی آئی کارکنان کی شبانہ روز محنت ہی تھی جس کے باعث حلقہ پی پی 84 نورپورتھل،ضلع خوشاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کو 63000 ووٹ ملے۔ پی ٹی آئی یہ سیٹ ہاری تو صرف بدترین پارٹی  ڈسپلن کی وجہ سے،جس کی تحقیقات ضرور کی جانی چاہئیں۔
 پچھلے تین سالوں میں ہمارے علاقے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی۔جناب والا! آپ وزیراعظم بن کر بھی میانوالی کو نہیں بھولے، عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب بن کر تونسہ کو نہیں بھولے تو نورپورتھل کے باسیوں اور پارٹی کارکنان کو اتنا بے وقعت سمجھ لیا گیا کہ ان کو کسی بھی حوالے سے  درخورِ اعتنا ہی نہیں سمجھاگیا،کارکن کسی بھی جماعت کی بنیادی طاقت ہوتے ہیں غلام نہیں۔ کیا نورپورتھل میانوالی سے زیادہ پسماندہ اور غریب علاقہ نہیں ہے؟ کیا آپ کے پسماندہ ترین علاقوں کو پہلے اوپر اٹھانے کے وژن میں اب جان باقی نہیں رہی؟  لیکن اب جبکہ وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقہ سے ہیں،آپ اور بزدار صاحب میانوالی اور ڈی جی خان سے باہر نہیں نکل پا رہے۔ آپ پاکستان کے وزیراعظم ہیں صرف میانوالی  کے نہیں نہ بزدار تونسہ کے وزیراعلیٰ ہیں۔ آپ سے درد مندانہ استدعا ہے کہ نورپورتھل سے انصاف کریں، انصاف صرف عدالتوں میں نہیں ہوتا سیاسی انصاف بھی ہوتا ہے جو کرنے کی طاقت اور اختیار اللہ پاک نے آپ کو عطا کئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کا دفاع کرنے والے پارٹی کارکنان عوام کے غیظ و غضب کا سامنا کرتے ہیں جبکہ پارٹی قائدین ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر کارکنان اور عوام کو پوچھنا تک گوارا نہیں کرتے۔
نورپورتھل کے احساسِ محرومی کا مداوا کریں ہمیں فنڈز دیں پسماندہ علاقوں کے ایم این ایز سے تیز ترین ترقیاتی روڈ میپ بنوائیں اور ان کی نگرانی کروائیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے تھے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگر چہ ایم پی اے کی سیٹ ہم ہار گئے ہیں۔ عوام کے ووٹوں سے آپ وزیراعظم بنے ہیں، اگر ووٹ نہ بھی دئیے ہوتے تو بھی کیا ہم پاکستانی نہیں ہیں؟ کیا ہم پسماندہ نہیں ہیں؟ تو پھر یہ نا انصافی کیوں؟ جہاں سے پارٹی نہ جیتی ہو یا کم مارجن سے جیتی ہو اُن علاقوں کو نظر انداز کر دیا جائے،ہم اس پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ نورپور تھل سمیت تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل کر کے دور کیا جائے تا کہ تحریکِ انصاف کا گلی محلے کا کارکن سر اٹھا کر پارٹی کا دفاع کر سکے اور اسے اپنی ناقدری کا احساسِ گراں شدت سے بے چین نہ رکھے۔
 آپ کا مخلص عطااللہ جسراء تھل ڈویلپمنٹ موومنٹ نور پور تھل،ضلع خوشاب 03004547847

مزید :

رائے -اداریہ -