سورج اور ہوا سے سستی بجلی پیدا کی جائے: ناصر حمید خان 

      سورج اور ہوا سے سستی بجلی پیدا کی جائے: ناصر حمید خان 

  

 لاہور(سٹی رپورٹر)سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سورج اور ہواسے وسیع پیمانے پر سستی بجلی پیداکرنے کی صلاحیت موجودہے،مستقبل کی بڑھتی ہوئی صنعتی، کاروباری و تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سولر اور ونڈ پاور سے بھرپور فائدہ اٹھاکر توانائی کی کمی پر مستقل بنیادوں پر قابو پانے سمیت انڈسٹریل شعبہ کو متاثر ہونے سے بچایااورمصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کیاجاسکتاہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والے پاکستان کے پہلے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اسی طرح ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بر آمدی سرگرمیاں فروغ پانے سمیت ملک و قوم کیلئے قیمتی زرمبادلہ کا حصول یقینی ہوسکے۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ مذکورہ متبادل ذریعہ سے توانائی کاحصول جہاں کم خرچ ہو گا وہیں صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لاتے ہوئے برآمدی اہداف پورے کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے جس کیلئے چین کے تعاون سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔ سینئر نائب صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ سی پیک سمیت پاک چین دوستانہ تعلقات ہر مشکل گھڑی میں سچے اور کھرے ثابت ہوئے جبکہ چین کی طرف سے پاکستان میں سی پیک کے تحت اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری پورے خطے کی تقدیر بد ل دے گی۔انہوں نے پاک چین تعلقات کو مستحکم کرنے پر دونوں ممالک کی قیادت کی سیاسی بصیرت کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی  کوششوں کی وجہ سے نہ صرف آئندہ ایک دو سال تک توانائی کا بحران مستقل طور پر حل ہونے کا امکان ہے بلکہ اس کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور بھی شروع ہو گا۔ انہوں نے ذرائع مواصلات کی ترقی کیلئے کی جانیوالی منصوبہ بندی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ریل اور روڈز کے وسیع جا ل سے علاقائی تجارت کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید :

کامرس -