خواتین اور عید الفطر کی تیاریاں!
خواتین خوب سے خوب تر نظر آنے کی خواہش میں شاپنگ ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔عید الفطر کی آمد ہو اور خواتین شاپنگ نہ کریں، یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی ”عید کے جوڑے“ ان کی شاپنگ کا اہم حصہ بن جاتے ہیں، جس کے لئے موسم کی مناسبت سے خواتین ہلکے پھلکے لان، کاٹن کے ہلکے رنگوں کے ملبوسات کا انتخاب کرتی ہیں۔
”عید الفطر“ کی آمد جوں جوں قریب آرہی ہے۔دنیا بھر کی طرح، پاکستان میں بھی عید کی تیاریوں میں غیر معمولی تیزی آگئی ہے۔ عید ہو اور پاکستانی خواتین سج دھج کر تیار نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔ہر تہوار کی طرح، عید الفطر پر بھی خواتین خوب سے خوب تر نظر آنے کے لئے کئی طرح کے جتن کرتی ہیں۔
خواتین کی عید کی تیاریاں بھی دیدنی ہوتی ہیں۔ بار بار بازاروں کے چکر لگانا نئی سے نئی چیز کا انتخاب کرنا…… ان کی فطرت ہے۔
عید کی تیاریوں میں سب سے اہم مرحلہ ”عید کے جوڑے“ کا انتخاب ہے جو خواتین اپنی پسند اور فیشن کی مناسبت سے کرتی ہیں ان دنوں خواتین کا عید کی شاپنگ کے لئے خواتین ریڈی میڈ کپڑوں کا انتخاب عروج پر ہے۔ عید پر ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی تیاری میں بالکل منفرد نظر آئے۔ منفرد نظرآنا ہر لڑکی کی خواہش اور ایک فطری امر ہے۔ اسی طرح خواتین عید کا جوڑا پسند کرنے میں بھی اس روایت کو برقرار رکھتی ہیں اور کافی وقت لگانے کے بعد انہیں کوئی جوڑا پسند آتا ہے۔
عید کے لئے ہر صنف نازک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سب سے منفرد نظر آئے۔ رمضان کا پورا مہینہ سخت گرمی میں گزرنے کے بعد عیدکے دنوں میں بھی گرمی کم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، لیکن پھر بھی عید تو ہر صورت کرنی ہی ہے۔
اِس لئے خواتین ہلکے کپڑوں کو زیادہ ترجیح دے رہی ہیں۔ اسی طرح، عید کے جوڑے کے لئے بھی خواتین کا انتخاب ہلکے لان کی ”کرتیاں اور ٹراؤزر“ سوٹ ہیں، جن پر ہلکی سی کڑھائی کا کام بنا ہے۔ موسم کی مناسبت سے ”سفید رنگ“ بھی فیشن میں اِن ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ ”عید کے روز خوب سے خوب تر اور منفرد دکھنا چاہتی ہیں ”۔ ایک خاتون کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”مَیں نے عید کے لئے کرتے اور ٹراؤزر سوٹ کا انتخاب کیا ہے، کیونکہ عید کے روز گھر سے باہر نکلنا ہے دوست احباب سے ملنے جانا ہے، جس کے باعث، گرمی کے موسم میں ہلکے کپڑے بہتر ہوتے ہیں“۔
عام دکانداروں سمیت ملبوسات ڈیزائن کرنے والوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ ان دنوں خواتین کام والے سوٹوں کے بجائے ہلکے رنگ کے لان اور کاٹن کے کپڑوں کی ڈیمانڈ زیادہ ہے۔ یہی نہیں پاکستان بھر کے ڈریس ڈیزائنروں نے بھی موسم کی مناسبت سے شیفون دوپٹوں والے لان کے ملبوسات کو فیشن کی ایک جدید شکل دی ہے۔ لان کے کرتے اور ٹراؤزر کے ساتھ ان دنوں لمبی قمیضوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی قمیضوں کا فیشن بھی شہر کی مختلف مارکیٹوں میں اِن ہے، تھری پیس سوٹ سمیت چھوٹی لمبی قمیضیں مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جس کے ساتھ خواتین دوپٹے اور میچنگ ٹراؤزر بھی خرید رہی ہیں۔ عید کی شاپنگ کا یہ سلسلہ چاند رات تک جاری رہے گا۔
٭٭٭
بار بار بازاروں کے چکر لگانا نئی سے نئی چیز کا انتخاب کرنا ان کی فطرت ہے