نادیہ خان کو نئی شادی مبارک!
فیصل راؤ کی پہلی بیوی نے الزامات کی بوچھاڑ کردی
اداکارہ نادیہ خان نے گزشتہ ماہ تیسری شادی فیصل ممتاز راؤ سے کی تھی تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ان کی تیسری نہیں بلکہ دوسری شادی کیونکہ ان کا سب سے چھوٹا بیٹا سگا نہیں بلکہ میں نے اسے انہیں گود لیا تھا۔ نادیہ خان نے بتایا کہ میرے شوہر ونگ کمانڈر فیصل ممتاز راؤ پاکستان ایئرفورس کے ریٹائرڈ آفیسر اور فائٹر پائلٹ ہیں۔ وہ 1970 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ فیصل نے 1991 میں 90 ویں جی ڈی پی کورس میں بطور کمیشنڈ آفیسر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ دنیا کی معروف فضائیہ کے ساتھ فلائنگ اینڈ مینجمنٹ کا 30 سالہ تجربہ رکھنے والے ایک انتہائی قابل پائلٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ فیصل نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تربیت کے تمام بڑے کورسز میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ وہ 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے پاک فضائیہ سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر بطور چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ فیصل میڈیا کے لئے نئے نہیں ہیں وہ آئی ایس پی آر کے نغمے ”ہوا کا سپاہی“ میں کام کرچکے ہیں۔فیصل کے بیٹے ہایان امریکا میں انجینئرنگ کی ڈگری کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ فیصل کے والد الیکٹرانک میڈیا صحافی اور پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق ڈائریکٹرنیوز اور کرنٹ افیئر مرحوم ممتاز حامد راؤ ہیں۔ حامد راؤ پاکستان ٹیلی ویژن کے بانیوں میں سے ایک تھے اور ان کا شمار پی ٹی وی نیوز قائم کرنے والے صحافیوں میں ہوتا ہے۔ ان کا 2011 میں راولپنڈی میں انتقال ہوگیا تھا۔ ممتاز حامد راؤ کے خاندان کا تعلق مقبوضہ جموں کشمیر سے ہے۔نادیہ خان چند روز پہلے ہی ہنی مون سے واپس آئی ہیں اور اپنی خوشی کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کررہی ہیں لیکن ان کی خوشی اب غم میں بدل گئی ہے کیونکہ اچانک فیصل ممتاز راؤ کی دوسری بیوی لبنیٰ فاروق نے ان کے بارے میں حیران کن انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادیہ خان فیصل کی تیسری بیوی ہیں اس کے علاوہ انہوں نے فیصل پر فراڈ کے الزامات بھی لگائے ہیں۔نادیہ خان نے 7 فروری کو اپنے شوہر کے ہمراہ یوٹیوب ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ پہلی ملاقات اور شادی کا سارا احوال بتایا تھا۔ اس ویڈیو کے جواب میں فیصل ممتاز راؤ کی سابق اہلیہ لبنیٰ فاروق جنہوں نے فیصل راؤ کی دوسری بیوی ہونے کا دعویٰ کیا ہے نے ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی اور فیصل راؤ کے بارے میں کئی انکشافات کئے۔لبنیٰ فاروق نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ فیصل راؤ کی دوسری، نادیہ خان تیسری بیوی ہیں جب کہ ان دونوں سے قبل فیصل راؤ نے ایک اور شمع نامی خاتون کے ساتھ شادی کی تھی اور اس سے بھی ان کی علیحدگی ہوچکی ہے۔ لیکن یہ آن دی ریکارڈ ہے آف دی ریکارڈ مجھے نہیں معلوم فیصل راؤ نے مزید کتنی شادیاں کی ہوئی ہیں۔لبنیٰ فاروق نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ نیشنل کالج آف آرٹس سے تعلیم یافتہ ہیں۔ان کے والد کرنل تھے اور فیصل سے ان کی دوسری شادی تھی۔لبنیٰ فاروق نے کہا کہ فیصل راؤ سے شادی سے قبل بھی ان کی ایک شادی ہوچکی تھی لیکن ان کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہوچکی تھی۔ فیصل راؤ سے شادی سے قبل میں بحرین میں پرائم منسٹر آفس میں بطور ان ہاؤس پراڈکٹ منیجر جاب کرتی تھیں اور شادی سے دو دن پہلے فیصل کی پہلی بیوی شمع نے مجھے فیصل کے ساتھ شادی نہ کرنے کے لیے پیغامات بھی بھیجے تھے لیکن میں فیصل کی محبت میں اتنی گرفتار تھی کہ میں نے شمع کی باتوں پر دھیان نہیں دیا اور فیصل راؤ سے شادی کرنے کے لیے میں بحرین میں اپنی اچھی خاصی جاب اور اپنا کیریئر چھوڑ کر شادی کرکے دبئی آگئی۔ ہماری شادی 8 جون 2019 میں ہوئی تھی جو پاکستان میں ہوئی،شادی کے بعد میں دوبارہ دبئی چلی گئی۔لبنیٰ فاروق نے مزید بتایا کہ شادی سے قبل فیصل راؤ مجھ سے محبت کے دعویدار تھے لیکن شادی کے بعد ان کی حقیقت مجھ پر کھل کر سامنے آگئی۔ دبئی میں فیصل راؤ نے مجھ پر کئی پابندیاں لگادی تھیں نہ مجھے کسی سے ملنے دیتے تھے اور نہ بات کرنے دیتے تھے میں بالکل اکیلی ہوکر رہ گئی تھی۔شادی کے بعد مجھ پر انکشاف ہو اکہ فیصل صاحب کے ساتھ بہت سارے مسائل تھے وہ خود کو باتھ روم میں بند کرلیتے تھے چھوٹی چھوٹی باتوں پر گھر کی چیزیں توڑدیتے تھے اور جب ان کا غصہ بہت زیادہ ہوجاتا تھا تو خود کو ہی ٹارچر کرنے لگ جاتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ یہ بھی کہتے تھے کہ ہم پر کالا جادو کیا جارہا ہے اور یہ کالا جادو ان ہی کی پہلی بیوی کروارہی ہیں۔اس کے علاوہ فیصل راؤ نے مجھے میرا بیٹا اغوا کروانے کی دھمکی بھی دی اور کہا کہ میرا بیٹا اٹھا لیاجائے گا اور وزیرستان میں پھینکوادیا جائے گا۔ لبنیٰ نے فیصل راؤ کی پہلی بیوی کے آڈیو پیغام بھی شیئر کیے جس میں وہ کہہ رہی ہیں اس شخص کی فطرت میں عورت کو اذیت دینا شامل ہے۔بنیٰ نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ فیصل ممتاز راؤ کو دبئی میں بطور ایئرفورس پائلٹ ان کی جاب سے نکال دیاگیا تھا اور اس کا الزام بھی انہوں نے مجھ پر ہی لگایا تھا۔ حالات اتنے خراب ہوگئے تھے شادی کے آٹھ ماہ بعد ہی ہم دونوں میں علیحدگی ہوگئی اور دلچسپ بات یہ تھی کہ ہماری طلاق کے اگلے ماہ ہی انہوں نے نادیہ خان کے ساتھ منگنی کرلی۔لبنیٰ نے کہا کہ جس طرح فیصل راؤ خواتین کے ہیرو اور آئیکون بن رہے ہیں وہ دراصل ہیرو نہیں ہیں بلکہ انہوں نے کئی غلطیاں کی ہیں، ہم دو عورتوں کی زندگیاں برباد کی ہیں، جھوٹ بولا ہے اور فراڈ کیا ہے۔ میں دعا کرتی ہوں کہ اب یہ سب کچھ نادیہ خان کے ساتھ نہ کریں۔
٭٭٭