عمران صاحب نے سعودیہ سے آکر مہنگائی پر نہیں،شہباز شریف کی ضمانت پر بریفنگ لی ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب دورہ سعودیہ عرب سے واپس آئے تو مہنگائی پر کوئی بریفنگ نہیں لی گئی ، اگر بریفنگ لی گئی تو وہ شہباز شریف کی ضمانت پر لی گئی ، کتنے لوگ مرے اس پر بھی کوئی بریفنگ نہیں لی ۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے متعلق عدالت نے واضح لکھ کر دیا ہے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی ، شہباز شریف کی ضمانت کا فیصلہ چار ججز نے دیا جنہوں نے لکھا کہ کوئی کک بیک ، منی لانڈرنگ یا کرپشن نہیں ہوئی ، ڈھائی سال سے لگائے جانے والے الزامات کا ثبوت نہیں ملا،یہ کاغذ لہرا لہرا کر باتیں کرتے ہیں مگر ثبوت نہیں دیتے ، اس لئے حدیبیہ کیس کھولنے کی بات کی جا رہی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ والیم 58میں ایک شخص نے شہباز شریف کے خلاف گواہی دی؟، شہباز شریف کو دو بار گرفتار کیا گیا مگر والیم 58ان کا نام تک نہیں ،2011 میں جب ججز نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف ناکافی ثبوت ہیں ، جب 2014میں فیصلہ دیا گیا تونیب سے ثبوت مانگے گئے ، یہ کسی بھی کیس کا کوئی بھی ثبوت نہیں لا سکے ۔عوام پوچھتے ہیں کہ کیا آٹا ، چینی ، بجلی ، گیس چوروں کو پکڑا ،جس نے آئین شکنی کی اسے کوئی سزا نہیں ؟۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ فواد چودھری نے آج پھر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملہ کیا ، سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے ، یہ ایک ہفتے میں فواد چودھری کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پرتیسرا حملہ ہے ،دس ججز نے اپنے فیصلے میں انہیں کلین چٹ دی ، فواد چودھری عدالتی فیصلے کی تضحیک کر رہے ہیں ۔پاناما کیس میں بھی نیب سپریم کورٹ کو مطمئن نہیں کر سکا ، اکتوبر 2018 میں سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل بھی خارج کر دی تھی ، اب حکمران کہتے ہیں قوم کے سامنے نئے ثبوت لا رہے ہیں ، انہیں جن ناکامی کا سامنا کرنا پڑتاہے تو یہ الزامات لگاتے ہیں ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عوام پوچھتے ہیں کہ کشمیر کا سودا کیسے ہوا،مہنگائی 17فیصد کیسے ہو گئی ، چینی اور آٹے کی پہلے ایکسپورٹ ہوتی ہے پھر امپورٹ ہوتی ہے ، عوام پوچھتے ہیں کہ معاشی نمو کی شرح منفی میں کیسے گئی ۔