وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے شہباز شریف کے منصوبوں کو خزانے پر بوجھ اور سفید ہاتھی قرار دے دیا 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے شہباز شریف کے منصوبوں کو خزانے پر بوجھ اور ...
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے شہباز شریف کے منصوبوں کو خزانے پر بوجھ اور سفید ہاتھی قرار دے دیا 

  

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباءپروری کےکلچرکو فروغ دیا،سابق دورمیں کرپشن،سفارش اور دھونس دھاندلی کے ساتھ نمائشی منصوبوں کے ریکارڈ بنے،نمود و نمائش والےمنصوبے صوبے کیلئے ’سفید ہاتھی‘ ثابت ہوئے اور بغیر پلاننگ اور حکمت عملی کے ایسے منصوبے شروع کئے گئے جو عوام کو ریلیف دینے کی بجائے خزانے پر بوجھ بنے ، ان منصوبوں کا عوام کو ئی فائدہ نہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا،ہماری حکومت نے نمائشی منصوبوں کی بجائے عوامی ضروریات اور ترجیحات کا تعین کرکے پراجیکٹس شروع کئے ہیں،ہمارے منصوبوں میں منتخب نمائندوں کی مشاورت شامل ہے،ون مین شو کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے،کابینہ کے وزراءبااختیار ہیں اور ہر کام مشاورت سے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹی دولت بچانے کیلئے کرپٹ ٹولے کی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے پیچھے چھپنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے،عوام سابق حکمرانوں سے نمائشی منصوبوں پر خرچ ہونے والے پیسے کا حساب مانگتے ہیں،یہ لوگ قانون کے ہی نہیں، عوام کے بھی مجرم ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے، کبھی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دیں گے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور ملک درست سمت کی جانب رواں دواں ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -