اسلام آباد ہائیکورٹ: الیکشن کمیشن کو حاصل عدالتی اختیارات کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز 

اسلام آباد ہائیکورٹ: الیکشن کمیشن کو حاصل عدالتی اختیارات کیخلاف درخواست پر ...

  

 اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حاصل عدلیہ کے متوازی اختیارات کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردئیے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کے عدلیہ کے متوازی اختیارات کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار دانیال کھوکھر کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کا توہین پر سزا دینے اور حکم جاری کرنے کا اختیار کالعدم قرار دیا جائے،الیکشن ایکٹ2017ء کی سیکشن چار، نو اور دس کالعدم قرار دی جائیں۔ملک میں پانچ آئینی ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ موجود ہے، کوئی اور ریاستی ادارہ آئینی عدالتوں کی برابر ی نہیں کر سکتا، درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو عدالتی اختیارات کے استعمال سے روکا جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا اور معاونت کیلئے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حالیہ فیصلے میں اس حوالے سے تشریح کی ہے، سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کورٹ نہیں لیکن یہ اختیارات استعمال کر سکتا ہے، پٹیشنر کیسے متاثرہ فریق ہے اس حوالے سے بھی عدالت کی معاونت کریں۔

اسلام آبادہائیکورٹ

مزید :

صفحہ آخر -