غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی فیلڈ سٹاف کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی فیلڈ سٹاف کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت کیلئے  عطیات اکٹھے کرنے والے فیلڈ سٹاف کے اعزاز میں حوصلہ افزائی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں غزالی سکولوں میں پڑھنے والے یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت کے لئے عطیات اکٹھا کرنے پر مینیجر آرفن سپورٹ پروگرام  عابد حسین، سینئر پروگرام آفیسر رانا سلمان اکرم اور دیگر   فیلڈ سٹاف کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تقریبِ پذیرائی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ سید عامر جعفری اور معروف سینئر فنکار افتخار ٹھاکر مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سید عامر جعفری تمام فیلڈ سٹاف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے نیٹ ورک کی وسعت اور دیہاتوں کے زیادہ سے زیادہ یتیم، مستحق اور کم وسیلہ بچوں کی تعلیمی کفالت کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔ سینئر ٹی وی و سٹیج آرٹسٹ افتخار ٹھاکر نے ملک بھر سے آئے ڈسٹرکٹ مینیجرز سے کہا کہ ان کی محنت اور کاوشوں کی بدولت کم وسیلہ بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہو رہی ہے۔

یہ امر قابل قدر اور اک عظیم عبادت ہے۔ افتخار ٹھاکر نے مزید کہا کہ یتیم اور مستحق بچوں کی کفالت کیلئے فیلڈ افسران کی توجہ اور مسلسل محنت ہی نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو دیگر اداروں میں مقام دلوایا ہے۔ تقریب میں افتخار ٹھاکر نے عمران خلیل، عابد حسین، نادر اقبال، سلمان اکرم سمیت ملک بھر کے دور دراز دیہاتوں سے آئے تمام ڈسٹرکٹ مینیجر میں تعریفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور یتامیٰ کی کفالت کے عظیم کام پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب میں مانسہرہ، بٹگرام، لورالائی، کشمور، رحیم یار خان سمیت پنجاب، سندھ، پختونخواہ اور بلوچستان کے پسماندہ اضلاع اور دور دراز دیہاتوں سے فیلڈ افسران اور ڈسٹرکٹ مینیجرز شریک ہوئے۔