چند دنوں میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائیگی،عبدالرحمن کانجو

چند دنوں میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائیگی،عبدالرحمن کانجو

  

لودھراں،ٹھٹھہ صادق آباد(نمائندہ پاکستان،نامہ نگار)نہروں میں پانی کی فوری فراہمی کے علاوہ چند روز میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل طور پرختم کر دی جائے گی۔ضلع لودھراں میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرایا جائے گا۔افسران عوام کے خادم بن کر ان کے مسائل حل کریں۔عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔(بقیہ نمبر30صفحہ6پر)

سپیڈو بس سروس بہت جلد شروع کر دی جائے گی۔یہ بات  وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن خان کانجو نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ لودھراں کے موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی محمد صدیق خان بلوچ کی رہائشگاہ حویلی نصیر خاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اس ملک اور عوام کے ساتھ جو ظلم کیا وہ عوام کبھی بھول نہیں پائیں گے۔میاں شہباز شریف  وزیر اعظم پاکستان اور میاں حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب  نے عوام کے مسائل کے حل اور علاج معالجہ تعلیم سمیت تمام سہولیات کی فراہمی اور مہنگائی  کے جن کو قابو کرنے کیلئے دن را ت کوشاں ہیں۔عبدالرحمن خاں کانجو نے کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔کاشتکاروں کی سہولت کیلئے دو تین روز میں نہروں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ  چند روز میں مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے احکامات جاری کیے ہیں۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ سے جہاں ملک ترقی کرے گا وہاں بے روزگاری میں بھی کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرایا جائے گا اور ان کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عبدالرحمن خاں کانجو نے کہا کہ لودھراں کے شہریوں کو سپیڈو بس کا تحفہ ن لیگ کی حکومت نے دیا تھا جسے پی ٹی آئی حکومت نے بند  کر دیا تھا۔انشا اللہ بہت جلد سپیڈو بس سروس بحال کر دی جائے گی۔اس موقع پر سابق ایم پی اے زبیر خاں بلوچ،عمیر خاں بلوچ،سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی شیخ افتخارالدین تاری،تاصم مسعود بٹ،ڈاکٹر مظہر امیر غوری،ملک ابراہیم اعوان،ملک عطااللہ،ملک عرفان اعوان،ملک حبیب کھوکھر بھی موجود تھے۔دریں اثناء کارکنان ہمارا فخر اور پارٹی کا سرمایہ ہیں۔مشکل حالات میں پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والے ساتھیوں کو فراموش نہیں کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت داخلہ عبد الرحمن خان کانجو نے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری خانیوال غلام شبیر ساقی ضلعی نائب صدر خانیوال چوھدری عبدالوحید ربانی اور جنرل سیکرٹری پی پی 208 میاں چنوں رانا کاشف خاں ملاقات کے دوران کیا. وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمن خان کانجو نے کہا کہ ان شا اللہ مسلم لیگ ملکی مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کر دے گی, ملکی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ ن کا منشور اور مشن ہے. غلام شبیر ساقی نے کہا کہ عبدالرحمن خان کانجو کا خاندان مسلم لیگ کا محسن خاندان ہے. پارٹی ورکرز سے محبت آپکی پہچان ہے۔مسلم لیگ ن کو آپکی قربانیوں اور کاوشوں پہ فخر ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -