سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر کارروائی کی جائیگی
پشاور(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے اپنے دفتر سے جاری پریس ریلیزمیں کہا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سڑکوں کو بند کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔پرامن احتجاج ہر ایک کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے نہیں دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے منگل کے روز صوبائی اسمبلی چوک کو بند کرنے کے حوالے سے کہا کہ سڑکوں کو بند کرنے کی وجہ سے عوام کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہے اور گھنٹوں سڑک جام رہتی ہے جس سے مریض وقت پر ہسپتال نہیں پہنچ سکتے جس سے ان کی زندگیاں داؤ پر لگ جاتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ آج اسمبلی چوک بند کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور اگر کسی نے بھی مستقبل میں حکومتی رٹ کو چیلنج کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔