وزارت آئی ٹی کے نیٹ ورکنگ سسٹم پر سائبر حملہ ناکام بنادیا گیا
اسلام آباد (آئی این پی)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کے ادارے این ٹی سی کے نیٹ ورکنگ سسٹم پر سائبر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ منگل کووزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر حملہ ڈیٹا سینٹر پر نہیں بلکہ نیٹ ورکنگ سائیڈ پر ہوا، این ٹی سی کے سرورز پر مختلف محکموں کی ویب سائٹس ہیں۔وزارت آئی ٹی کے مطابق سائبر حملہ منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا، سائبر سکیورٹی کے جامع نظام کی وجہ سے حملہ ناکام بنایا گیا۔وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کی وجہ سے کچھ محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوئیں، تمام ویب سائٹس کو 3گھنٹے کے مختصر ترین وقت میں فعال کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق سائبر حملے سے این ٹی سی سے منسلک سرکاری و نجی ویب سائٹس متاثر ہوئیں جن میں پی ایم آفس کی ویب سائٹ بھی شامل تھی۔ذرائع پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق اس سائبر حملے سے ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور نادرا کی ویب سائٹس متاثر نہیں ہوئیں۔ترجمان وزارت آئی ٹی کے مطابق سیکرٹری آئی ٹی کی سربراہی میں اجلاس آج بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
وزارت آئی ٹی