محکمہ ایکسائز کی روڈ چیکنگ مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

محکمہ ایکسائز کی روڈ چیکنگ مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے ٹیکس نادہندہ گان/ اوپن لیٹر اور بغیر رجسٹریشن کے چلنے والی گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کی روڈ چیکنگ مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چالہ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عاطف رحمان خان، ڈائریکٹر جنرلز اورنگ زیب پنھور، اقبال احمد لغاری، ڈائریکٹر وحید شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس کی وصولی کے لئے شروع ہونے والی روڈ چیکنگ مہم کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں گئیں ہیں۔ کراچی میں 37 سے زائد مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جائے گی جبکہ صوبے کے دیگر ڈویژن کے ڈائریکٹرز اپنی حکمت عملی کے تحت چیکنگ کے مقامات کا تعین کریں گے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چالہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ روڈ چیکنگ مہم کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل واقع نہ ہو اور محکمہ ایکسائز کی روڈ چیکنگ مہم کے سلسلے میں متعلقہ ٹریفک حکام کے ساتھ مربوط روابط رکھیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکسز کی وصولی کے لئے شروع کی جانے والی مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کو چیک کیا جائے تاکہ قومی خزانے میں رقم کروائی جاسکے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ نے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے بھی درخواست کی کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے روڈ چیکنگ مہم سے قبل ہی اپنے واجبات الاد ٹیکسز جمع کروادیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی بھی سہولت موجود ہے۔ ٹیکس جمع کروانے کے خواہشمند محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی ویب سائٹ www.excise.gos.pk کا وزٹ کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -