کے پی ریونیو اتھارٹی کا نارتھ ریجن میں رجسٹریشن کا آغاذ

کے پی ریونیو اتھارٹی کا نارتھ ریجن میں رجسٹریشن کا آغاذ

  

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا میں سروسز کی فراہمی سے وابستہ کاروباری افراد کی آسانی کیلئے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے  مانسہرہ، ہری پور، گلیات، ناران، کاغان، بالاکوٹ اور بٹہ کونڈی میں رجسٹریشن مہم کا آغاذ کیا جارہاہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی فیاض علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ہزارہ ڈویژن کے ان علاقوں میں دو ہفتوں پر محیط رجسٹریشن مہم کا باقاعدہ آغاذ بدھ کے روزسے کیا جارہاہے۔ مہم کا انعقاد امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کے تعاون سے کیا جارہاہے۔کاروباری افراد کی سہولت کے لیے جگہ جگہ موبائل رجسٹریشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے جہاں پر خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کا عملہ موجود ہوگا اور خدمات کی فراہمی سے وابستہ کاروباری افراد اپنا کاروبار خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ موقع پر ہی رجسٹرڈ کراسکیں گے۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی فیاض علی شاہ کے مطابق رجسٹریشن مہم کے انعقاد کا مقصد خدمات کی فراہمی سے وابستہ کاروباری افراد کیلئے رجسٹریشن کے عمل میں مزید آسانی پیدا کرنا ہے۔ ہماری ٹیمیں موبائل رجسٹریشن سینٹرز پر موجود ہونگی اور وہیں پر جاکر اپ اپنا کاروبار با آسانی رجسٹر کرا سکتے ہیں۔ اس سے پہلے پشاور سمیت مردان ریجن اور جنوبی اضلاع میں رجسٹریشن مہم کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔فیاض علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادا کرنا ہمارا اور آپ کا قومی فریضہ ہے۔ آپ کے ٹیکس سے نہ صرف آپ کا صوبہ مالی طور پر مستحکم ہوگا بلکہ آ پ کے پیسے آپ ہی کے علاقے کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے جس سے آپ کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور صوبہ خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔رجسٹریشن مہم بدھ کے روز سیہری پور سے شروع ہوگی اور دو ہفتوں تک جاری رہے گی جس کے دوران کیپرا کا عملہ بازاروں اور کاروباری مراکز میں موجود سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کی دہلیز پر جا کر ان کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریگا جبکہ ہر روز مختلف جگہوں پر موبائل رجسٹریشن کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے جہاں پر کیپرا کا عملہ موجود ہوگا اور سیلز ٹیکس سے متعلق ہر قسم کی رہنمائی فراہم کرے گا۔خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن سے متعلق یا خدمات پر سیلز ٹیکس سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات اور رہنمائی ان موبائل سنٹرز پر جاکر حاصل کی جاسکتی ہے۔ مزید معلومات ہمارے واٹس ایپ نمبر، ٹیلی فون اور ویب سایئٹ پر جاکر بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔یاد رہے کہ خیبر پختونخوا فنانس ایکٹ  2013کے مطابق خدمات سے وابستہ شعبہ جات پر سیلز ٹیکس لاگو ہے جس کے لیے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ کاروبار کی رجسٹریشن قانونی طور پر فرض ہے اسی رجسٹریشن میں معاونت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے ہفتہ رجسٹریشن منا یا جارہا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -