ون ڈش پر پابندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی: حمزہ شہباز

    ون ڈش پر پابندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی: حمزہ شہباز

  

       لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی ہدایت پرپنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے کہا کہ فوری طورپر فعال افراد پر مشتمل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر کے متحرک کیا جائے۔شوگر،فلور،گھی اورپولٹری ایسوسی ایشنز کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کر کے قیمتوں میں کمی لائی جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قابل عمل پلان کو جلد حتمی شکل د ی جائے اور دکانوں پر اشیاء کے نرخناموں کی فہرستیں نمایاں جگہوں پرآویزاں کی جائیں۔ہمارا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔پرائس کنٹرول کیلئے مربوط پالیسی کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں۔سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا ہے۔ہماری حکومت نے عوام کو مہنگائی سے ہر صورت ریلیف دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی ازسر نو فعال کیا جائے۔ صوبے میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیزہے، عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدار ت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا اوراشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کمی کیلئے ضروری ہدایات جا ری کی گئیں۔ اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ اسلام آباد سے ویڈ لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شادیوں پر ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیاہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے اور خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گاکیونکہ ہماری حکومت عام آدمی کی حکومت ہے۔ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے اورمیں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لوں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں شہر کی صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کا فول پروف میکانزم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متعلقہ حکام سے آئندہ 2 روز میں صفائی کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سڑکوں کی صفائی کیلئے مشینوں کو مرمت کرکے استعمال میں لایا جائے۔ ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے ملازمین خدمت کے جذبے سے فرائض سرانجام دیں۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم حالت میں نظر آنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کو پھر سے صاف ستھرا اور خوبصورت بنائیں گے۔شہر کی صفائی اور خوبصورتی کا عمل وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے منقطع ہوا تھا۔گرمی میں شہریوں کو پانی کی سپلائی میں تعطل نہیں ہونا چاہیئے۔مون سون کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے اورمون سون میں بروقت نکاسی آب کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فلٹریشن پلانٹس کو بحال کرکے عوام کو صاف پانی مہیا کیا جائے۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ شہر کی صفائی کے مسائل حل کرنے کیلئے غیر ملکی اداروں سے بات چیت جاری ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں صفائی بہترین تھی، بعد میں آنے والوں نے تباہ کر دیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہرشہباز شریف کے دور میں خوبصورت اور صاف ستھرا نظر آتا تھا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں انسنریٹرز کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے صفائی کے انتظامات اور نئے ماڈل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان،خواجہ عمران نذیر،عبدالعلیم خان،توصیف شاہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ایم ڈی واساا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے چولستان میں پانی کی کمی کے باعث جانوروں کی ہلاکت کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کو چولستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے۔محکمہ لائیوسٹاک اور وائلڈ لائف جانوروں کے تحفظ کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہلاک ہونے والے جانوروں کے نقصان کا تخمینہ لگا کرفوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔آبادی اورجانوروں کو پانی کے ذخیروں کے قریب منتقل کرنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔متاثرہ افرا د کیلئے کھانے پینے اور جانوروں کیلئے چارے و پانی کا بندوبست کیا جائے۔ صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھی جائے اور ریلیف میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ اول -