عوام مزید مہنگائی برداشت کرنے کے قابل نہیں، بوجھ ڈالنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی،اسحاق ڈار 

عوام مزید مہنگائی برداشت کرنے کے قابل نہیں، بوجھ ڈالنے سے ہر چیز مہنگی ہو ...
عوام مزید مہنگائی برداشت کرنے کے قابل نہیں، بوجھ ڈالنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی،اسحاق ڈار 

  

لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، اگر حکومت عوام پر بوجھ ڈالے گی تو ہر چیز کی قیمت آسمان پر جائے گی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی حکومت نے یہ تاثر دیا کہ سبسڈیز فنڈڈ ہیں جو کہ نہیں تھیں، یہ مجموعی طور پر 300 ارب کا مسئلہ ہے، اس پرکل اتحادی قائدین سے مشاورت ہوئی ہے ۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام گزشتہ چند برس میں مہنگائی کا طوفان برداشت کرچکے ہیں اب مزید برداشت کے قابل نہیں لہٰذا اتحادیوں سے مل کرفیصلہ کریں گے اور کوشش ہوگی عوام پرکم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف والے الیکشن چوری کرکے آئے تھے اور آئینی طریقے سے گئے، وہ یہ ہضم نہیں کرپارہے،الیکشن کا فیصلہ اتحادی جماعتیں مل کر کریں گی جب کہ الیکشن کمشنر کے مطابق اکتوبر سے پہلے الیکشن کرا ہی نہیں سکتے، دوسرا آپشن اگست 2023 ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ صدر پاکستان کا عمل نہایت غیر موزوں ہے، پاکستان میں انار کی پھیلانے کی کوشش کرنا اچھی بات نہیں۔

مزید :

قومی -